کینیڈا میں ہندوستانی نژاد خاتون کے قتل کا معمہ حل، 7 ماہ بعد بوائے فرینڈ گرفتار

حیدراباد – کینیڈا میں ہندوستانی نژاد 30 سالہ نوجوان خاتون ہمانشو کھرانہ کو تقریباً سات ماہ قبل قتل کر دیا گیا تھا، جس کے الزام میں پولیس نے اب اس کے مبینہ قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔ کینیڈین پولیس کے مطابق ٹورنٹو میں مقیم ہمانشو کھرانہ 19 دسمبر 2025 کو قتل ہوئی تھی۔ پولیس کو 20 دسمبر کو اس واقعہ کی شکایت موصول ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ ہمانشو کو ٹورنٹو کے ویلنگٹن اسٹریٹ ویسٹ اور اسٹریچن ایونیو کے قریب قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کی نعش برآمد کرکے تحقیقات شروع کیں۔ ابتدا میں اس واقعہ کو مشتبہ موت سمجھا گیا، تاہم تحقیقات کے بعد اسے قتل قرار دیا گیا۔ یہ ٹورنٹو میں گزشتہ سال کا 40واں قتل تھا۔
ٹورنٹو پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مختلف زاویوں سے تحقیقات کیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ہمانشو کو اس کے بوائے فرینڈ اور پارٹنر 32 سالہ عبدالغفوری نے مبینہ طور پر قتل کیا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں کچھ عرصے سے رشتے میں تھے اور ان کے درمیان اختلافات کے باعث قتل کئے جانے کا شبہ ہے۔
قتل کے بعد عبدالغفوری فرار ہوگیا تھا۔ اسے گرفتار کرنے کے لئے قومی سطح پر وارنٹ جاری کیا گیا اور اس کی تصاویر بھی جاری کرکے عوام سے اس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی۔
بعد میں پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا ہے۔ اس کے بعد کینیڈین حکام نے غیر ملکی اداروں کے تعاون سے اسے واپس کینیڈا لانے کی کوششیں شروع کیں۔ ملزم کو کینیڈا لایا گیا اور ٹورنٹو پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ تاہم پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ عبدالغفوری کس ملک میں چھپا ہوا تھا۔
پولیس نے عبدالغفوری کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ہمانشو کے قتل کے تقریباً سات ماہ بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مزید تفتیش کے دوران قتل کی اصل وجہ سامنے آنے کی توقع ہے۔



