بی آر ایس سابق رکن اسمبلی بنگلور سے گرفتار۔شادی کے نام پر جنسی ہراسانی کا الزام

حیدرآباد: بی آر ایس کے سابق رکنِ اسمبلی آرکانتا راؤ کو پولیس نے آج گرفتارکرلیا۔ بھدرا دری کتہ گوڑم ضلع کے پیناپاکا حلقے کے سابق رکنِ اسمبلی اور بی آر ایس کے سینئر لیڈر ریگا کانتا راؤ کو پولیس نے بنگلورو میں گرفتار کر لیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کو شادی کا وعدہ کرکے مبینہ طور پر جنسی زیادتی/ہراسانی کی اور مالی طور پر بھی دھوکہ دیا۔ اس معاملے میں حیدرآباد کے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاتون کی تحریری شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ریگا کانتا راؤ کے خلاف بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتارکرلیا۔متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ 2022 میں ایک یوٹیوب چینل کے انٹرویو کے بہانے ریگا کانتا راؤ سے ان کی جان پہچان ہوئی تھی۔
بعد میں انہوں نے شادی کا وعدہ کرکے مبینہ طور پر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔خاتون کا مزید الزام ہے کہ ریگا کانتا راؤ نے ان کی نجی تصاویر کو بنیاد بنا کر انہیں بلیک میل کیا۔ اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر ان سے تقریباً 4 لاکھ روپے نقد وصول کئے لیکن رقم واپس کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ان سے رابطہ ختم کر دیا۔
متاثرہ خاتون نے ان تمام الزامات کے حوالے سے پنجہ گٹہ پولیس کو تحریری شکایت دی تھی اسی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے کیس درج کرکے سابق رکن اسمبلی کو حراست میں لے لیا۔



