ٹرین میں ماڈل نے کپڑے اتار کر ہنگامہ کیا، روکنے والے پولیس ملازمین پر ’بلیڈ‘ سے حملہ

ممبئی : ٹرین میں سفر کے دوران سیٹ کے الاٹمنٹ کو لے کر ہونے والا تنازع شدید جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔ 31 سالہ انترا بینرجی نامی ایک ماڈل اور اداکارہ نے اے سی کوچ میں شدید ہنگامہ کیا۔تھانے سے تعلق رکھنے والی انترا بینرجی باندرہ-گنگانگر آراولی ایکسپریس کے ذریعے سورت جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہوئی تھی۔
اس کے پاس صرف سلیپر کلاس کا ٹکٹ تھا لیکن وہ اے سی کوچ میں داخل ہوکر ایک نشست پر بیٹھ گئی۔جب اس نشست کے اصل مسافر جس نے اسے ریزرو کرایا تھا وہاں پہنچے اور خاتون سے نشست خالی کرنے کو کہا تو اس نے انکار کردیا اور جھگڑا شروع کردیا۔ اس پر مسافر نے ٹکٹ کلیکٹر ہری کیش ترپاٹھی سے شکایت کی۔
ٹی سی کی موجودگی میں بھی خاتون نے شدید بحث و تکرار جاری رکھی جس کے بعد آر پی ایف کی اے ایس آئی یامنی کانت مشرا اور کانسٹیبل راجیش کمار وہاں پہنچی،پولیس نے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی تو مذکورہ ماڈل شدید غصے میں آگئی اور مبینہ طور پر اپنے کپڑے اتار کر ہنگامہ کرنے لگی۔
اس کے بعد اس نے اپنے پاس موجود بلیڈ نکالا اور آر پی ایف آیسر یامنی کانت مشرا سمیت دیگر افراد پر بلیڈ سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ان کی یونیفارم اور موبائل فون کو بھی نقصان پہنچا۔
خاتون نے خود کو بھی زخمی کیا اور اے سی کوچ کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔جب ٹرین دہانو روڈ ریلوے اسٹیشن پہنچی تو آر پی ایف اہلکاروں نے خاتون کو قابو میں کرلیا اور اسے بوریولی گورنمنٹ ریلوے پولیس کے حوالے کردیا۔
ریلوے پولیس نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر حملہ کرنے، ریلوے کی سکیورٹی میں خلل ڈالنے اور دیگر الزامات سے متعلق مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔




