نیشنل

مہاراشٹرا کے سرکاری ہاسپٹل میں وینٹی لیٹر پھٹنے سے لگی بھیانک آگ، 3 نومولود بچوں کی موت – درجنوں بچے دوسرے ہاسپٹل منتقل

امراوتی: مہاراشٹرا کے امراوتی میں پیر کی علی الصبح ایک سرکاری ہاسپٹل میں وینٹی لیٹر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 3 نومولود بچوں کی موت ہوگئی، جبکہ ہاسپٹل میں زیرِ علاج درجنوں بچوں کو ہنگامی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

 

اطلاعات کے مطابق آگ تقریباً صبح 3:30 بجے اسپتال کی تیسری منزل پر وینٹی لیٹر پھٹنے کے بعد لگی۔ حادثہ کے وقت امراوتی ڈسٹرکٹ ویمن ہاسپٹل کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ (SNCU) میں 39 نومولود بچے زیرِ علاج تھے۔ آگ کی لپیٹ میں آنے اور دھویں کے باعث تین بچوں کو شدید جھلسنے اور دم گھٹنے کے نتیجے میں جان گنوانی پڑی۔

 

آگ لگتے ہی ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے نے فوری طور پر وارڈ پہنچ کر نومولود بچوں کو باہر نکالنا شروع کردیا۔ طبی آلات کو منقطع کرکے بچوں کو متاثرہ حصے سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ شدید متاثرہ 6 نومولود بچوں کو مزید علاج کے لئے قریبی سوپر اسپیشلٹی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

 

واقعے کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) سمیت اعلیٰ پولیس عہدیدار موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور مبینہ انتظامی غفلت کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

 

امراوتی کے ضلع انچارج وزیر اور ریاستی وزیرِ ریونیو چندرشیکھر باونکولے نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور بحران کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

سابق وزیر اور کانگریس لیڈر ایڈوکیٹ یشومتی ٹھاکر نے امراوتی ڈسٹرکٹ ویمن ہاسپٹل میں آتشزدگی کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہاسپٹل کے فائر سیفٹی نظام میں خامیوں کے باعث آگ کو پھیلنے کا موقع ملا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button