مزرا رحمت بیگ حیدرآباد واپس ہوگئے؟

حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین سے حال ہی میں خارج کیے گئے رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) مرزا رحمت بیگ کے ہفتہ 29 اگست کو حیدرآباد واپس آنے کی اطلاعات میڈیا میں گشت کررہی ہیں۔
قبل ازیں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مکہ مکرمہ میں ہیں اوردس دن وہیں قیام کریں گے اسی دورن ان کی واپسی کی اطلاعات وائرل ہورہی ہیں۔مرزا رحمت بیگ نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔
پارٹی سے اخراج کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں انہوں نے اپنے خلاف وائرل ہونے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا اور الزام عائد کیا کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے نقلی ویڈیوز پھیلائی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر مرزا رحمت بیگ کے خلاف ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ تاہم انہوں نے ان الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اے آئی ایم آئی ایم نے 29 اگست کو مرزا رحمت بیگ کو فوری اثر کے ساتھ پارٹی سے خارج کرتے ہوئے
انہیں تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔ پارٹی کے جوائنٹ سکریٹری ایس اے حسین انور نے مختصر بیان میں کہا تھا کہ مرزا رحمت بیگ فوری طور پر قانون ساز کونسل کے چیئرمین کو اپنا استعفیٰ پیش کریں۔



