جرائم و حادثات

شوہر نے بیوی کا سر کاٹ کر فریج میں رکھ دیا،انگلیاں بھی کاٹ دی گئیں۔ شادی کو صرف 6 ماہ ہوئے تھے

نئی دہلی: آسام کے دارالحکومت گوہاٹی کے ہٹی گاؤں علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا قتل کا واقعہ پیش آیاہے۔ 25 سالہ بیوی ریا تالوکدار گوسوامی کے بہیمانہ قتل کے مرکزی ملزم رمانوجن گوسوامی نے ہٹی گاؤں پولیس اسٹیشن میں خودسپردگی اختیار کی۔

 

پولیس نے اسے گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔بشیستھ پور بائی لین میں واقع ایک فلیٹ میں پیش آنے والے اس قتل کے خوفناک حقائق کو تحقیقاتی حکام نے منظر عام پر لایا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریا کا سر دھڑ سے الگ کرکے سیاہ پالی تھین میں لپیٹ کر فریج میں چھپا دیا گیا تھا۔

 

پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا کہ مقتولہ کی انگلیاں بھی کاٹی گئی تھیں۔گھر سے شدید بدبو آنے پر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد یہ واقعہ منظرعام پر آیا۔ پولیس فلیٹ پہنچی تو کمرے میں خون کے نشانات کے علاوہ ایک تیز دھار ہتھیار اور شراب کی کئی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔

 

گھر کا تمام سامان بھی بکھرا ہوا تھا۔ فورینسک جانچ کی بنیاد پر ریا کے قتل کی تصدیق کی گئی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق نعش ملنے سے تقریباً 24 سے 48 گھنٹے قبل قتل کیا گیا تھا۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔

 

کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران فورینسک اور فنگر پرنٹ ٹیمیں جائے حادثہ سے شواہد جمع کررہی ہیں۔
مقتولہ ریا نونمتی کی رہنے والی تھی اور فینسی بازار کے اے سی مارکیٹ میں واقع ایک بوٹیک میں کام کرتی تھی۔

 

اس کے والدین نہیں ہیں جبکہ اس کا ایک بھائی ہے۔ ملزم رمانوجن اوبر ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے۔ دونوں کی شادی کو تقریباً چھ ماہ ہی ہوئے تھے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس بہیمانہ واردات کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات تیز کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button