جنرل نیوز

کریم نگر میں ’’سیرت مہم 2026‘‘ کا آغاز؛ 4 لاکھ افراد تک سیرتِ نبویؐ کا پیغام پہنچانے کا منصوبہ

 

اخلاقی زوال کا مستقل حل سیرتِ نبویؐ کا عملی نمونہ ہے: جماعت اسلامی ہند

 

کریم نگر: جماعت اسلامی ہند  کریم نگر کے زیر اہتمام یکم تا 30 ستمبر ’’سیرت مہم 2026‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ’’تمام مخلوقات کے لیے رحمت‘‘ کے مرکزی عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس مہم کا مقصد موجودہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم، منشیات، سائبر فراڈ، خواتین پر مظالم اور اخلاقی زوال کے خلاف شعور بیدار کرنا اور سیرتِ نبویؐ کو عملی نمونے کے طور پر پیش کرنا ہے۔

 

مہم کے تحت کریم نگر میں تقریباً 4 لاکھ افراد تک پیغام پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں ایک لاکھ مقامی برادرانِ وطن، ایک لاکھ مسلم کمیونٹی اور دو لاکھ افراد تک ڈیجیٹل ذرائع سے رسائی شامل ہے۔ مہم کے دوران عوامی رابطہ پروگراموں کے علاوہ 30 سے زائد پیشہ ورانہ نشستیں اور 35 سے زائد عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ ڈاکٹرز، وکلاء، اساتذہ اور تاجروں کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ مختلف مذاہب کے مذہبی مراکز کا بھی دورہ کیا جائے گا۔

 

مہم کے تحت انگریزی اور تیلگو زبانوں میں لٹریچر، فولڈرز اور کتابچے تقسیم کیے جائیں گے۔ عوامی آگاہی کے لیے مختلف مقامات پر ڈسپلے بورڈز اور دیگر تشہیری ذرائع استعمال کیے جائیں گے، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے 2 لاکھ افراد تک پہنچنے کے لیے خصوصی مختصر ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔ رومان ہاسپٹل کے اشتراک سے خون کے عطیہ کا کیمپ بھی منعقد کیا جائے گا۔

 

مہم کے اختتام پر 25 تا 27 ستمبر تین روزہ ’’سیرت ایکسپو 2026‘‘ منعقد ہوگا۔ 25 ستمبر کو یوتھ میٹ، 26 ستمبر کو CIO میٹ اور نوری محفل/کلچرل نائٹ جبکہ 27 ستمبر کو خطابِ عام کا اہتمام کیا جائے گا۔

 

سیرت مہم کی قیادت ناظمِ ضلع و کنوینر صہیب احمد خان کر رہے ہیں، جبکہ عارف عرفان اور محمد اسحاق علی کو کو-کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر منکماتھوٹا، مکرم پورہ، کشمیر گڈہ، کے کے گڈہ اور رضوی چمن کے لیے بھی ذمہ داران مقرر کیے گئے ہیں۔

 

منتظمین نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اخلاقی اقدار کے فروغ اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے مقصد سے جاری اس مہم کو عوام تک پہنچانے میں تعاون کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button