سگریٹ کی قیتموں میں پھر اضافہ

نئی دہلی: ملک کی معروف ایف ایم سی جی اور تمباکو مصنوعات بنانے والی کمپنی آئی ٹی سی لمیٹڈ نے سگریٹ نوشی کرنے والوں کو ایک بار پھر جھٹکا دیا ہے۔
تمباکو مصنوعات پر ٹیکس پالیسی میں تبدیلی اور اضافی ایکسائز ڈیوٹی کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے کمپنی نے ایک مرتبہ پھر اپنے مختلف سگریٹ برانڈز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں والا اسٹاک بازار میں پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے سے صارفین کی جیب پر مزید بوجھ پڑے گا۔
آئی ٹی سی سگریٹ کی نئی قیمتیں
کلاسک کنیکٹ: مقبول برانڈ ’کلاسک کنیکٹ‘ کے 20 سگریٹ والے پیکٹ کی قیمت میں آئی ٹی سی نے زبردست اضافہ کیا ہے۔ پہلے یہ پیکٹ 390 روپے کا تھا جو تازہ اضافے کے بعد 428 روپے کا ہوگیا ہے۔ یعنی ایک پیکٹ کی قیمت میں 38 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
گولڈ فلیک سپر اسٹار: نوجوانوں میں مقبول ’گولڈ فلیک سپر اسٹار‘ کے 10 سگریٹ والے چھوٹے پیکٹ کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ پہلے 79 روپے میں ملنے والا یہ پیکٹ اب 89 روپے کا ہوگیا ہے۔ اس طرح اس کی قیمت میں ایک ہی بار 10 روپے یعنی تقریباً 12.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رواں سال یکم فروری سے سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح بڑھا کر 40 فیصد کرنے کے ساتھ اضافی ایکسائز ڈیوٹی بھی نافذ کی گئی تھی۔ ٹیکس کے اس اضافی بوجھ کی تلافی کے لیے آئی ٹی سی سمیت دیگر تمباکو کمپنیوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران مرحلہ وار سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
فروری میں ’کلاسک کنیکٹ‘ کے پیکٹ کی قیمت 300 روپے سے بڑھا کر پہلے 360 روپے اور پھر 390 روپے کی گئی تھی جو اب بڑھ کر 428 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح ’گولڈ فلیک سپر اسٹار‘ کی قیمت پہلے 59 روپے تھی جو مئی میں بڑھا کر 79 روپے اور اب 89 روپے کردی گئی ہے۔
بروکریج کمپنی نومورا نے خبردار کیا ہے کہ بار بار سگریٹ کی قیمتیں بڑھانے سے کمپنی ٹیکس کے اضافی بوجھ کو کم کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے لیکن اس سے صارفین کی طلب اور مجموعی فروخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس کے باوجود مارکیٹ میں اپنے منافع کو برقرار رکھنے کے لیے آئی ٹی سی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔پرانا اسٹاک ختم ہونے کے بعد اب خوردہ دکانوں پر صارفین کو سگریٹ کے پیکٹ نئی ایم آر پی کے ساتھ ہی دستیاب ہورہے ہیں۔
ایک طرف تمباکو کے کاشتکار نقصانات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب کمپنیاں قیمتوں میں اضافہ کرکے اپنے منافع کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔



