بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرس کلب ریاض کا 215 واں اجلاس

ریاض – محمد سیف الدین
اردو کی نئی بستی ریاض سعودی عرب میں بزمِ اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب اردو کی ترقی و ترویج میں برسوں سے سرگرمِ عمل ہے۔ یہ کلب شخصیت ساری کی بین الاقوامی تنظیم ٹوسٹ ماسٹرز کلب کا حصہ ہے۔
اس کلب کی شاخین سعودی عرب سمیت دنیا کے ہر بڑے ملک میں مختلف زبانوں میں قائم ہیں۔ ریاض کی قدیم ادبی تنظیم “ہندوستانی بزمِ اردو ریاض” نے کوئی ۱۵ سال قبل “بزمِ اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب” کے نام سے ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل کے تحت یہ شاخ قائم کی۔ اور اردو بولنے والوں کی شخصیت سازی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
پچھلے اتوار کی شام بیسٹ ہوسٹ ریسٹورنٹ، حارہ میں کلب کا 215 واں اجلاس منعقد ہوا۔ کلب کے صدر سید عبدالحامد نے صدارت کی اور خیر مقدمی کلمات ادا کئے۔ کلب کے قواعد کے مطابق انہوں نے آج کا لفظ "مربی” تشریح کی اور اس کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرینِ اجلاس سے اپیل کی کہ دوران اجلاس اپنی گفتگو میں اس لفظ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرہں۔
یوم اساتذہ کی مناسبت سے اجلاس کا موضوع "ہمارے گمنام ہیروز ، ہر استاد ایک چراغ ہے جو دوسروں کی زندگیوں میں روشنی بکھیرتا ہے” رکھا گیا۔ ناظم اجلاس ٹوسٹ ماسٹر فرقانہ فاطمہ نے اپنے مخصوص انداز میں کاروائی چلائی اور دوران اجلاس اساتذہ کی اہمیت اور ان کی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔
نائب صدر تعلیم ڈی ٹی ایم سید ناصر خورشید نے ٹوسٹ ماسٹرس کے نصاب کے مطابق اپنی تیارشدہ تقریر پیش کی جبکہ ٹوسٹ ماسٹر محمد سیف الدین نے ان کی تقریر کا تجزیہ کیا ۔ ٹوسٹ ماسٹر عبدالقدوس جاوید نے دلچسپ موضوعات کےساتھ برجستہ موضوعات کی نظامت کی۔ برجستہ موضوعات کے تحت تقاریر کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد ملک، ڈاکٹر ساجدہ، مدیحہ ، محمد فاروق، محمد نواز الدین، محمد سیف الدین، عبدالقادر میمن اور محمد مبین شامل تھے ۔
ممتاز شاعر ٹوسٹ ماسٹر افتخار راغب نے عمومی تجزیہ کار کا رول ادا کیا جبکہ سید عتیق احمد قواعد دان اور سارجنٹ ایٹ آرمس رہے۔ ٹوسٹ ماسٹر مرزا نیر بیگ نے نگران وقت کا رول ادا کیا۔ صدر اجلاس سید عبدالحامد کے اظہار تشکر کے ساتھہ اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔



