جرائم و حادثات
حیدرآباد: گنیش منڈپ میں آتشزدگی، دو کاریں اور دو بائیک جل کر خاکستر

حیدرآباد: اپل بھگایت کے ڈریم ہاؤس جیوپیٹر اپارٹمنٹ میں قائم گنیش منڈپ میں پیر کی علی الصبح تقریباً 2 بجے آگ لگ گئی۔ منڈپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور قریب پارک کی گئی گاڑیوں تک پھیل گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پالیا۔ اس حادثے میں دو کاریں، دو بائیک اور ایک سائیکل مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کو ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ منڈپ میں جلائے گئے دیے یا برقی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی ہوگی۔پولیس نے واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



