تلنگانہ میں تین دن تک شدید سے شدید ترین بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد: تلنگانہ میں آئندہ تین دن موسلادھار سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف علاقوں کے لیے 24، 25 اور 26 ستمبر کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے
۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا شدید ہوا کا دباؤ مغرب-شمال مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے اور چہارشنبہ کی رات شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحل کے درمیان کالیگاپٹنم کے قریب ساحل سے ٹکرا گیا۔
اس کے اثر سے تلنگانہ میں آئندہ تین دن بڑے پیمانے پر بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔جمعرات کو کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، جے شنکر بھوپال پلی، مُلُگو اور بھدرادری کوتہ گوڑم اضلاع میں انتہائی شدید سے بہت زیادہ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے
۔محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر آفات سے نمٹنے کے وزیر پی سرینواس ریڈی نے ریڈ الرٹ والے اضلاع کے کلکٹروں کو مزید چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ضلع کلکٹرس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔



