نیشنل

چلتی بس میں لگی بھیانک آگ – 9 مسافر زندہ جل گئے ؛ نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر دلخراش حادثہ

نئی دہلی: اترپردیش کے نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک پرائیویٹ سلیپر اے سی بس میں خوفناک آگ لگنے سے 9 مسافر زندہ جل گئے۔ بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے۔ آگ بھڑکنے کے بعد کئی مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگائی اور اپنی جان بچائی۔ یہ حادثہ چہارشنبہ کی رات تقریباً 12 بجے پیش آیا۔

 

حادثہ کا شکار بس نوئیڈا سے مہوبہ جا رہی تھی اور راج کلپنا ٹراویلس کی بتائی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ تقریباً 45 منٹ کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، تاہم اس وقت تک بس مکمل طور پر جل چکی تھی۔ ہلاک ہونے والے مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

 

حادثے میں بال بال بچنے والی ایک لڑکی نے اپنی آپ بیتی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بس میں سو رہی تھی کہ اچانک کسی نے کیبن کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جب اس کی آنکھ کھلی تو وہاں پہلے ہی بہت بھیڑ جمع ہوچکی تھی۔ اس نے کہا کہ اس نے اپنا کوئی سامان نہیں اٹھایا، یہاں تک کہ جوتے بھی نہیں پہنے اور صرف موبائل فون لے کر بس سے باہر نکل آئی۔

 

لڑکی کے مطابق بس کے اندر اتنی بھیڑ تھی کہ مسافر ایک دوسرے کو دھکے دے رہے تھے۔ اسے بھی دھکے لگے اور بالآخر کسی نے اسے کھینچ کر بس سے باہر نکالا۔ اس کے بعد اسے کچھ یاد نہیں رہا۔ ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا اور بس میں پھنسے لوگوں کا دم گھٹ رہا تھا۔ تمام مسافر اپنی جان بچانے کے لئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

 

اس نے بتایا کہ کیبن سے باہر آنے پر بس میں مکمل افراتفری کا منظر تھا اور باہر نکلنا انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔ دھویں کی شدت کے باعث کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ بہت کم لوگ ہی بچ سکے، کیونکہ وہ دھکم پیل کے درمیان کسی طرح راستہ بنا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس نے کہا کہ کئی لوگوں کی جان چلی گئی اور اس کے پیچھے بھی بڑی تعداد میں مسافر موجود تھے۔

 

ایک دوسرے مسافر نے بتایا کہ وہ بس میں سو رہا تھا کہ کسی نے اسے جگا کر بس میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد تمام مسافر باہر نکلنے کے لیے بھاگ پڑے۔ اس نے کہا کہ بس سے باہر نکلنا آسان نہیں تھا کیونکہ ہر طرف بہت زیادہ دھواں پھیلا ہوا تھا۔ گھبراہٹ کے عالم میں مسافر کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ بس مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی اور پیچھے موجود مسافر بھی باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کی وجہ سے شدید دھکم پیل ہوئی۔

 

آگ لگنے کی دو وجوہات سامنے آرہی ہیں۔ پہلی وجہ بس میں شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے، جبکہ دوسری وجہ بس میں پٹاخے لے جانے اور ان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button