552واں عرس حضرت سید شاہ احمد قتال حسینی اشرفی جلالیؒ سالانہ عرس شریف کے پوسٹرس کی ریاستی وزیر وی سری ہری کے ہاتھوں رسم اجرائی

552واں عرس حضرت سید شاہ احمد قتال حسینی اشرفی جلالیؒ
سالانہ عرس شریف کے پوسٹرس کی ریاستی وزیر وی سری ہری کے ہاتھوں رسم اجرائی
کولم پلی میں 16 اکتوبر کو 26ویں بین مذہبی کانفرنس کا انعقاد
مکتھل، 07/ اکتوبر (اردو لیکس نیوز) مکتھل میں نارائن پیٹ ضلع کے کولم پلی میں منعقد ہونے والے سالانہ 552ویں عرس شریف حضرت مخدوم خواجہ سید شاہ احمد قتال حسینی اشرفی جلالیؒ کے پوسٹرس کی رسم اجرائی راستی وزیر وی سری ہری کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی۔552ویں عرس شریف کے موقع پر 16 اکتوبر بروز جمعہ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کولم پلی درگاہ شریف کے احاطہ میں 26ویں بین مذہبی کانفرنس منعقد ہوگی۔ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی، کولم پلی کے نائب صدر ایڈوکیٹ عبدالسلیم نے بتایا کہ اس کانفرنس کی صدارت گوگی شریف بارگاہ جلالیہ کے سجادہ نشین سید شاہ کلیم اللہ حسینی کریں گے۔
بین مذہبی کانفرنس میں ریاستی وزیر جناب وکٹی سری ہری، محبوب نگر رکن پارلیمنٹ محترمہ ڈی کے ارونا، ایم ایل سی جناب این نوین کمار ریڈی، نارائن پیٹ رکن اسمبلی ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی، تلنگانہ مائناریٹی فینانس کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال، ضلع کلکٹر محترمہ پریانکا، ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت کے علاوہ مختلف مٹھوں کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سنت، مشائخ اور علماء شرکت کریں گے۔نمازِ عصر کے بعد بارگاہ قتالیہؒ میں رسمِ پرچم کشائی (پرچم جلالیہ) کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں علماء و مشائخ شرکت کریں گے۔ نمازِ مغرب کے بعد لنگر قتالیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔17 اکتوبر بروز ہفتہ نمازِ فجر کے بعد خانقاہ قتالیہ سے جلوسِ صندل نکالا جائے گا،
جو درگاہ شریف پہنچے گا۔ وہاں سجادہ نشین، حضرت چندا حسینیؒ کے نواسے مخدوم خواجہ سید شاہ جلال حسینی اشرفی جلالی کے دستِ مبارک سے رسمِ صندل مالی ادا کی جائے گی۔ نمازِ عشاء کے بعد درگاہ کے احاطہ میں چراغاں اور محفلِ سماع منعقد ہوگی۔
18 اکتوبر بروز اتوار صبح 8 بجے محفلِ قل اور تقسیمِ تبرکات کا اہتمام کیا جائے گا۔ 552ویں عرس مبارک میں سلسلۂ اشرفیہ جلالیہ سے وابستہ کولم پلی کے عقیدتمندوں، زائرین سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔اس پوسٹرس کی رسم اجرائی کے موقع پر منظور الہی نصیرالدین سید اسمعیل محمد پاشاہ جعفر اور دیگر موجود تھے۔



