اردو صحافیوں کی امداد کیلئے کارپس فنڈاور ہیلتھ انشورنس ناگزیر۔تین صحافیوں کا تعزیتی جلسہ۔ خدمات کو خراج عقیدت۔پرفیسرایس اے شکور اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔21نومبر۔اردو صحافیوں کے علاج اور ناگہانی حالات بالخصوص اموات کی صورت میں ان کے ارکان خاندان کی امداد کے لئے ایک ”کارپس فنڈ” کے قیام کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی تمام اردو صحافیوں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے لئے ہیلتھ انشورنس لازمی طور پر کروائیں’ تاکہ حکومت یا دوسرے اداروں کے محتاج نہ رہیں۔
مختلف مقررین نے آج ان خیالات کا اظہار تین صحافیوں عادل احمد خان، مولانا سید عارف شرفی اور ملا شہاب الدین (محبوب نگر) کے تعزیتی جلسہ میں کیا جو جناب ایم اے ماجد صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی صدارت میں میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر دائرة المعارف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مسٹر رمنا رائو (جے این جے کوآپریٹیو ہائوزنگ سوسائٹی) اعزازی مہمان تھے۔
جبکہ شہ نشین پر ریاض احمد سیاست، شجاع الدین افتخاری اعتماد، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز گواہ، ایم اے ماجد، سید غوث محی الدین جنرل۔ سکریٹری فیڈریشن، سید شاہ عظمت علی، احمد جیلانی نائب صدور فدریشن، جعفر حسین ایڈیٹر صدائے حسینی، حسان عرفان حسامی، محمد امد علی موجود تھے۔ مقررین نے تینوں جواں سال صحافیوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور غمزدہ ارکان خاندان سے یگانگت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ ان نازک ترین حالات میں صحافتی برادری ان کے ساتھ ہے۔ مقررین نے اردو صحافیوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اَن گنت مسائل کا شکار اردو صحافتی برادری تنگدستی کا شکار ہے
چوں کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں’ جس کی وجہ سے وہ اپنی بیماری کا بہتر علاج نہیں کرواسکتے۔ اور اکثر و بیشتر صحافیوں کی وفات کے بعد ان کے ارکان خاندان معاشی پریشانیوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کا واحد حل یہی ہے کہ صحافتی برادری اپنے طور پر ایک کارپس فنڈ قائم کرے۔ بینک میں رقم ڈپوزٹ کریں اور اس کی آمدنی سے ناسازگار حالات میں امداد مہیا کرے۔ اردو اکیڈیمی سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اردو صحافیوں کے لئے فنڈ مختص کرے۔
اس تعزیتی جلسہ سے شوکت علی خاں، شہاب الدین ہاشمی، ریاض احمد، شجاع افتخاری، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، ایم اے ماجد، سید زین العابدین، رفیع الدین، امجد علی، غوث محی الدین، محمدیوسف، حسام الدین،ایف ایم سلیم، عثمان رشید، سعداللہ سبیلی، بلال نوید، سید اقبال حسینی نے خطاب کیا۔
جناب عزیز احمد، سید منصورعلی رہنمائے دکن ، سلیم فاروقی اردو اکیڈیمی جدہ بھی اس موقع پرموجود تھے۔



