اندرا اماں خاندانی زندگی بیمہ اسکیم کے رہنمایانہ خطوط جاری، ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے کا بیمہ

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کے محکمہ منصوبہ بندی نے اندرا اماں خاندانی زندگی بیمہ اسکیم (IKJBP) کے تحت مستحقین کے اندراج کے لیے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعے ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے کی زندگی بیمہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہر خاندان سے صرف ایک فرد کو اسکیم میں اندراج کا موقع دیا جائے گا۔ بیمہ شدہ فرد کی موت کی صورت میں اس کے نامزد کردہ افراد (نامینیز) کو 5 لاکھ روپے کی بیمہ رقم ادا کی جائے گی۔ حکومت نے ایک سے زائد نامینیز درج کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔
اس اسکیم کا بنیادی مقصد سماج کے کمزور طبقات کو مالی تحفظ اور سماجی سلامتی فراہم کرنا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال جاری دیگر بیمہ اسکیموں کو بھی برقرار رکھتے ہوئے انہیں اندرا اماں خاندانی زندگی بیمہ اسکیم کے دائرے میں شامل کیا جائے گا۔
اہلیت کے شرائط
اسکیم کے تحت ہر خاندان سے صرف ایک فرد اندراج کا اہل ہوگا۔ عام طور پر خاندان کی جانب سے بتائے گئے کمانے والے فرد کو ترجیح دی جائے گی۔ اندراج کے وقت درخواست گزار کی عمر 18 سے 59 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ 19 نومبر 1967 سے 18 نومبر 2008 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔
عمر کی تصدیق کے لیے آدھار کارڈ میں درج تاریخ پیدائش کو بنیاد بنایا جائے گا۔ اگر آدھار کارڈ میں صرف سال پیدائش درج ہو تو متعلقہ سال کی یکم جولائی کو تاریخ پیدائش تصور کیا جائے گا۔ آدھار کارڈ میں تاریخ پیدائش غلط درج ہونے کی صورت میں پہلے کسی مجاز آدھار مرکز سے اس کی درستگی کروانا ضروری ہوگا، اس کے بعد ہی اسکیم میں اندراج کیا جاسکے گا۔
اندراج کے لئے خصوصی مراکز
حکومت نے تمام اہل خاندانوں کو آسانی سے اسکیم میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اندراجی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیہی علاقوں میں گرام پنچایت کی سطح پر جبکہ شہری علاقوں میں منتخب وارڈس کے تحت یہ کیمپ قائم کئے جائیں گے۔
معمر افراد، معذورین اور سماج کے دیگر کمزور طبقات کے لیے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ زیادہ آبادی والی گرام پنچایتوں اور وارڈس میں ضرورت کے مطابق اضافی کیمپ بھی منعقد کئے جائیں گے۔
کیمپوں کے مقامات، تاریخوں اور ذمہ دار عہدیداروں کی تفصیلات پہلے ہی طے کرکے عوام کو مطلع کی جائیں گی۔ اندراج کے عمل اور نامینیز کی تفصیلات درج کرنے کے لیے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔
حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ کیمپوں میں کاؤنٹرس، بیٹھنے کی سہولت، پینے کے پانی، برقی سربراہی اور متبادل برقی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ اندراج کا یہ عمل ایک ماہ تک جاری رہے گا۔
اندراج کے وقت درکار دستاویزات
اسکیم میں اندراج کے لیے آنے والے خاندانوں کو آدھار کارڈ، راشن کارڈ (اگر دستیاب ہو) اور موبائل فون نمبر ساتھ لانا ہوگا۔
جن خاندانوں کی راشن کارڈ ای کے وائی سی کارروائی زیرالتوا ہے، انہیں اپنے متعلقہ عوامی تقسیم نظام (پی ڈی ایس) کی دکان پر ای کے وائی سی مکمل کروانی ہوگی۔ اگر مزید دستاویزات درکار ہوں تو حکومت یا متعلقہ حکام کی جانب سے سرکاری ہدایات کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
اندراج کا طریقہ کار
اندراج کے دوران حکام بیمہ حاصل کرنے والے فرد اور اس کے نامزد کردہ افراد کی تفصیلات درج کریں گے۔ اگر ایک سے زائد نامینیز کا انتخاب کیا جائے تو انہیں ملنے والی بیمہ رقم کی تقسیم کا تناسب بھی واضح طور پر درج کیا جائے گا۔
مستحقین کی تمام تفصیلات مکمل، درست اور بغیر کسی تکرار کے درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ راشن کارڈ نمبر ہی درخواست فارم نمبر تصور کیا جائے گا۔
دوسرے ضلع کا راشن کارڈ رکھنے والے خاندان بھی اپنے قریبی اندراجی کیمپ میں درخواست دے سکتے ہیں۔ ایسے خاندانوں کی تفصیلات ان کے آبائی ضلع سے حاصل کی جائیں گی جبکہ دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی متعلقہ آبائی ضلع کے عہدیدار کریں گے۔
ایک راشن کارڈ پر صرف ایک درخواست قبول کی جائے گی اور اندراج کا عمل صرف تلنگانہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ راشن کارڈس کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔
ایک مرتبہ اندراج مکمل ہونے کے بعد بیمہ تحفظ شروع ہونے کی تاریخ سے متعلقہ پالیسی سال کے اختتام تک مکمل طور پر برقرار رہے گا۔ اس دوران اگر بیمہ شدہ فرد عمر کی مقررہ بالائی حد سے تجاوز بھی کرلے تو بھی پالیسی سال کے اختتام تک بیمہ تحفظ جاری رہے گا۔
کیمپوں میں براہ راست اندراج کی سہولت
حکومت نے کیمپوں کے ذریعہ اندراج کا طریقہ اختیار کیا ہے تاکہ درخواست گزاروں کو براہ راست عہدیداروں سے بات کرنے، اپنی تفصیلات کی جانچ کروانے، شبہات دور کرنے اور ضرورت پڑنے پر موقع پر ہی معلومات درست کروانے کی سہولت حاصل ہو۔
اندراج کے دوران خاندان کو حکومت کی دیگر موجودہ بیمہ اسکیموں کے تحت حاصل بیمہ سہولتوں کی تفصیلات بھی درخواست میں درج کرنا ہوں گی۔
درج کردہ تفصیلات خاندان کے افراد کو دکھائی جائیں گی تاکہ وہ بیمہ حاصل کرنے والے فرد اور نامینیز کی معلومات کی تصدیق کرسکیں۔ نامینیز کے نام آن لائن نظام میں پہلے سے موجود خاندان کے افراد کی فہرست میں سے منتخب کئے جاسکتے ہیں۔
اگر ایک سے زائد نامینیز کا انتخاب کیا جائے تو بیمہ شدہ فرد کی جانب سے بتائے گئے تناسب کے مطابق ہر نامینیز کا حصہ درج کیا جائے گا۔ یہ حصے مکمل اعداد میں فیصد کی شکل میں ہونے چاہئیں اور تمام حصوں کا مجموعی تناسب 100 فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔
ہر نامینیز کا نام، بیمہ شدہ فرد سے اس کا رشتہ اور عمر یا تاریخ پیدائش درج کرنا لازمی ہوگا۔
اگر نامینیز میں کوئی فرد نابالغ یعنی 18 سال سے کم عمر کا ہو تو اس کی جانب سے بیمہ کی رقم وصول کرنے کے لیے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے کسی فرد کو اپائنٹی (رقم وصول کرنے کے مجاز شخص) کے طور پر نامزد کرنا ہوگا۔ ایک سے زائد نابالغ نامینیز رکھنے کی بھی اجازت ہوگی۔ اپائنٹی کا خاندان کا فرد ہونا ضروری نہیں ہے۔
اندراج کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد ہر مستحق کو ٹرانزیکشن آئی ڈی کے ساتھ رسید کا پیغام روانہ کیا جائے گا۔
اندراج کے دوران تفصیلات میں فرق، تکنیکی مسائل یا دیگر شبہات پیدا ہونے پر کسی بھی خاندان کو واپس نہیں بھیجا جائے گا بلکہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے ضروری رہنمائی فراہم کریں۔
شکایات کی یکسوئی کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک
حکومت نے ہر اندراجی کیمپ میں شکایات، شبہات، تفصیلات میں فرق اور دیگر خصوصی مسائل کی یکسوئی کے لیے الگ ہیلپ ڈیسک یا ذمہ دار عہدیدار مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ہر شکایت یا مسئلے کی مکمل تفصیلات، خاندان کی شناخت سے متعلق معلومات، شکایت موصول ہونے کی تاریخ، ذمہ دار عہدیدار اور اس پر کی گئی کارروائی کا ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا۔
متعلقہ خاندانوں کو مسئلے کی یکسوئی کے لیے درکار اقدامات اور کس عہدیدار سے رجوع کرنا ہے، اس بارے میں واضح طور پر بتایا جائے گا۔
حل طلب مسائل کا روزانہ ضلع کی سطح پر جائزہ لیا جائے گا جبکہ ریاستی سطح پر وضاحت طلب امور کو متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لایا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی خاندان کی معلومات دستیاب نہ ہونے، تفصیلات میں تبدیلی یا تصحیح کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں بھی اسے مناس
ب رہنمائی فراہم کئے بغیر اندراجی کیمپ سے واپس نہیں بھیجا جانا چاہئے۔



