تنظیم تحفظِ اردو کے زیرِ اہتمام ہوٹل تاج محل میں خصوصی اجلاس، گول میز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

اردو زبان کے تحفظ و بقا کے لیے مؤثر عملی اقدامات ناگزیر ہیں: دانشورانِ ملت
تنظیم تحفظِ اردو کے زیرِ اہتمام ہوٹل تاج محل میں خصوصی اجلاس، گول میز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ
حیدرآباد: تنظیم تحفظِ اردو کے زیرِ اہتمام ہوٹل تاج محل میں اردو زبان کے تحفظ، بقا اور فروغ کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب سید شہنواز نے کی۔
اجلاس میں جناب محمد عبدالرحمن فہیم قادری، کرسپانڈنٹ و سکریٹری لٹل نائیٹ اینجلس ہائی اسکول اور صدرنشین صوفی سنت ونگ، آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ؛ ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ، اسسٹنٹ پروفیسر ویمنس یونیورسٹی اور صدرنشین ایجوکیشن ونگ، آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ؛ جناب ایم اے لطیف انصاری کامران، ایڈیٹر نیوز-1 تلنگانہ؛ اور ڈاکٹر سید ریاض، سماجی جہدکار نے شرکت کی۔
اس موقع پر دانشورانِ ملت نے اردو زبان کو درپیش مسائل، اس کے فروغ کے امکانات اور نئی نسل میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی جیسے اہم سماجی و تعلیمی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اردو زبان کی بقا اور ترویج محض زبانی دعوؤں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے اجتماعی جدوجہد، سنجیدہ منصوبہ بندی اور ٹھوس عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اجلاس کے صدر اور اردو زبان کے بے لوث خدمت گزار، سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب سید شہنواز نے اردو زبان کے تحفظ و بقا کے لیے دامے، درمے، قدمے، سخنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
جناب محمد عبدالرحمن فہیم قادری نے اردو کے مسائل پر ٹھوس اور مؤثر لائحۂ عمل مرتب کرنے کے لیے جلد ہی ایک گول میز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا اور اس کے انعقاد کی قطعی تاریخ کے تعین کا عزم ظاہر کیا۔
ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ نے اردو زبان کے تحفظ و فروغ کے سلسلے میں اپنی جاری علمی و ادبی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے متعدد مفید تجاویز پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ اردو کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں، دانشوروں اور نئی نسل کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اردو زبان کے تحفظ و فروغ کے لیے باہمی اشتراک اور منظم جدوجہد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔



