اگر بیوی دوسرے مردوں سے بات کرے تو اس پر شک کرنا ذہنی ظلم ہے: جھارکھنڈ ہائی کورٹ

رانچی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ایک اہم تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیوی دوسرے مردوں سے بات کرتی ہے تو محض اس بنیاد پر اس پر شک کرنا ذہنی اذیت اور ظلم کے مترادف ہے۔عدالت نے کہا کہ صرف اس وجہ سے کہ بیوی اپنے مرد دوستوں سے فون پر بات کرتی ہے اس پر ناجائز تعلقات کا الزام لگانا صنفی تعصب پر مبنی دقیانوسی سوچ ہے۔
ہائی کورٹ نے شوہر کی جانب سے دائر کردہ طلاق کی درخواست کو مسترد کر دیا جس میں اس نے الزام لگایا تھا کہ اس کی بیوی دوسرے مردوں سے بات کرتی ہے اور اس کے کسی دوسرے شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔30 اپریل 2005 کو ایک شخص کی شادی ایک خاتون سے ہوئی تھی۔
اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔ کچھ عرصے بعد دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔شوہر کو شک ہونے لگا کہ اس کی بیوی اکثر اپنے ایک مرد دوست سے فون پر بات کرتی ہے اور اس کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات ہیں۔شوہر نے یہ الزام بھی لگایا کہ بیوی اسے چھوڑ کر اپنے میکے چلی گئی ہے۔
اس کے بعد شوہر نے اپنی بیوی سے طلاق حاصل کرنے کے لیے بوکارو کے برمو فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی۔فیملی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران بیوی نے شوہر کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔اس نے الزام لگایا کہ سسرال والے اس سے مزید جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے ہراساں کرتے تھے۔
بیوی نے عدالت میں کہا کہ محض کسی مرد دوست سے فون پر بات کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ اس بنیاد پر شک کرنا درست نہیں ہے۔دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیملی کورٹ نے بیوی کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے شوہر کی طلاق کی درخواست مسترد کر دی۔فیملی کورٹ کے فیصلے کو شوہر نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
ہائی کورٹ نے معاملے کی سماعت کے بعد فیملی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا اور شوہر کی درخواست خارج کر دی۔اس موقع پر عدالت نے اہم تبصرہ کرتے ہوئے کہاکسی خاتون کا اپنے مرد دوست سے فون پر بات کرنا اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ اس کے ناجائز تعلقات ہیں۔
محض اس بنیاد پر بیوی کے کردار پر شک کرنا اور اس پر ناجائز تعلقات کا الزام لگانا اس کے ساتھ ذہنی ظلم اور اذیت کے مترادف ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ صرف کسی دوسرے مرد سے بات کرنے کی بنیاد پر کسی
خاتون کے کردار پر سوال اٹھانا یا اس پر ناجائز تعلقات کا الزام لگانا درست نہیں ہے۔



