اردو صحافیوں کے تمام مطالبات کی یکسوئی کے لیے حکومت سے نمائندگی کریں گے، TUWJU کو ایک کروڑ کا کارپس فنڈ دلانے کا تیقن: بیرسٹر اسدالدین اویسی

حیدرآباد: صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اردو صحافیوں کے حقوق، مسائل اور فلاح و بہبود سے متعلق تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) کے تمام مطالبات کی یکسوئی کے لیے ریاستی حکومت سے نمائندگی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یونین کے ذمہ داروں کے ساتھ وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی سے ملاقات کرنے اور حکومت کی جانب سے یونین کے لیے ایک کروڑ روپے کا کارپس فنڈ حاصل کرنے کی کوشش کا بھی تیقن دیا۔
ویٹس گارڈن، شانتی نگر حیدرآباد میں منعقدہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور نشانِ صحافت ایوارڈز تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم اردو صحافیوں کے تمام مطالبات کی پُرزور تائید کرتی ہے اور ان کی یکسوئی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اردو صحافیوں کو دیگر علاقائی زبانوں کے صحافیوں کے مساوی ایکریڈیشن کارڈز جاری کئے جائیں اور سرکاری رہائشی مکانات و ہاؤسنگ اسکیموں میں بھی انہیں برابر کی نمائندگی اور سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سینئر اور مستحق صحافیوں کے لیے پنشن اسکیم متعارف کروائی جائے اور صحافیوں و ان کے اہلِ خانہ کو بہتر کیش لیس ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے۔
بیرسٹر اویسی نے اردو صحافیوں کو اردو اکیڈمی سمیت مختلف سرکاری اداروں، بورڈز اور کمیٹیوں میں نمائندگی دینے، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے مستقل دفتر کے قیام کے لیے حیدرآباد کے قلب میں اراضی الاٹ کرنے اور یونین کی تنظیمی و فلاحی سرگرمیوں کے لیے مالی تعاون فراہم کرنے کے مطالبات کی بھی تائید کی۔ انہوں نے تلنگانہ میڈیا اکیڈمی میں تمام تسلیم شدہ صحافتی تنظیموں کو مساوی نمائندگی دینے، غیر جانب دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بلاامتیاز اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ان تمام مطالبات کو حکومت کے سامنے پیش کرکے ان کی یکسوئی کے لیے مؤثر نمائندگی کی جائے گی۔
تقریب میں یونین کے ریاستی صدر ڈاکٹر محمد شجاع الدین افتخاری، بانی صدر یونین و ایسوسی ایٹ ایڈیٹر روزنامہ منصف اطہر معین، سرپرستِ اعلیٰ ساجد حیدراباد یونین کے صدر نواب ابرار اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر بهترین صحافیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا




