دیواریں، فرش اور میزیں بنیں گی ڈیجیٹل کلاس رومز، میجک ٹچ سے تعلیم کا نیا انداز
پری پرائمری سے بارہویں جماعت تک انٹرایکٹو تعلیم کی سہولت...

حیدرآباد, نومبر 8: اب اسکولوں کے کلاس رومز کی دیواریں، فرش اور میزیں بھی تدریس کا ذریعہ بنیں گی۔ طلبہ میں تعلیم سے دلچسپی پیدا کرنے اور روایتی طریقۂ تدریس کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے مقصد سے مخصوسی گروپ نے ’میجک ٹچ انٹرایکٹو لرننگ‘ نظام متعارف کرایا ہے۔
اتوار کو ملک پیٹ میں واقع ادارے کے مرکزی دفتر میں ڈان تعلیمی اداروں کے منیجنگ ڈائریکٹر وصی الرحمن نے اس نظام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کی تفریق کے بغیر ہر طالب علم کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری سے اعلیٰ تعلیم تک ڈیجیٹل تدریس وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ طلبہ کی عملی شرکت اور دلچسپی کے ساتھ سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے والے طریقے تعلیم کو مزید مؤثر بنا سکتے ہیں۔
میجک ٹچ نظام کے ذریعے کلاس روم کی دیواروں، فرش اور میزوں کو ٹچ پر مبنی ڈیجیٹل تدریسی پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اس کے تحت پری پرائمری سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے ان کی تعلیمی سطح کے مطابق نصابی اسباق، تعلیمی کھیل اور مختلف سرگرمیاں فراہم کی جائیں گی۔
اس نظام کے تحت نرسری کے بچے دیوار پر دکھائے جانے والے جمع کے سوالات حل کرسکیں گے، ایل کے جی کے طلبہ فرش پر ظاہر ہونے والے حروف کی شناخت کرسکیں گے، جبکہ دسویں جماعت کے طلبہ جیومیٹری کے مسائل کو ٹچ کے ذریعے حل کرسکیں گے۔
مخصوسی گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر میران مخصوسی نے بتایا کہ یہ نظام سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اور ریاستی تعلیمی بورڈز کے نصاب کے علاوہ مختلف اشاعتی اداروں کی درسی کتابوں کے مواد کی بھی معاونت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے غریب اور مستحق طلبہ تک بھی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
اس پروگرام میں رنگاریڈی ضلع میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سید اکرام اللہ حسینی کے علاوہ ادارے کے ملازمین اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ادارے کی جانب سے اسکولوں میں مفت انسٹالیشن، درسی کتابوں کی فراہمی، آلات کی ترسیل اور تنصیب، اساتذہ کی تربیت اور تکنیکی معاونت بھی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ دلچسپی رکھنے والے اسکول مفت ڈیمو کے لیے فون نمبر
63008 99621
یا ای میل
Meeran.maqsusi@maqsusi.com
پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ
maqsusi.com
ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔



