تلنگانہ

صحافی سیاست دانوں کے لیے آئینہ، غلطیوں کی نشاندہی اور سماج کی رہنمائی کرنا ان کا اہم فریضہ ہے: سید عظمت اللہ حسینی

صحافی سیاست دانوں کے لیے آئینہ، غلطیوں کی نشاندہی اور سماج کی رہنمائی کرنا ان کا اہم فریضہ ہے: سید عظمت اللہ حسینی

 

حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے مولانا ابوالکلام آزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اردو زبان کے فروغ اور اردو صحافت کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو صحافت نے سماج کی تعمیر، عوامی شعور بیدار کرنے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اردو صحافیوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے زبان و ادب کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

 

ویٹس گارڈن، شانتی نگر حیدرآباد میں منعقدہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) کے دسویں سالانہ اجلاس عام اور نشانِ صحافت ایوارڈس تقریب سے بحیثیت مہمان خطاب کرتے ہوئے سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ صحافی حضرات سیاست دانوں کے لیے آئینہ کا کام کرتے ہیں۔ سیاست دانوں کی غلطیوں کی نشاندہی، انہیں درست سمت میں رہنمائی فراہم کرنا اور سماج کو حقائق سے واقف کروانا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت محض خبروں کی اشاعت کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ عوام اور حکومت کے درمیان ایک اہم رابطے کا کام بھی انجام دیتی ہے۔

 

انہوں نے اردو صحافیوں کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں صحافت کا مقام انتہائی اہم ہے اور صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق انجام دینی چاہئیں۔ اردو صحافت کی بقا اور ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں، اتحاد اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مولانا آزاد کے افکار اور اردو زبان کی علمی و ادبی روایات کو نئی نسل تک پہنچانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button