مصنوعی ذہانت کے دور میں میڈیا غیر ضروری امور کو زیادہ اجاگر کررہا ہے، صحافی اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اقدار کو ملحوظ رکھیں: محمد سلیم
مصنوعی ذہانت کے دور میں میڈیا غیر ضروری امور کو زیادہ اجاگر کررہا ہے، صحافی اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اقدار کو ملحوظ رکھیں: محمد سلیم
حیدرآباد: سابق صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے موجودہ دور میں میڈیا کے بعض گوشوں کی جانب سے غیر ضروری اور بے مقصد امور کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے، جبکہ صحافت کا بنیادی مقصد عوام تک مستند معلومات پہنچانا، معاشرے کی اصلاح اور مثبت اقدار کو فروغ دینا ہونا چاہئے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران اخلاقی اصولوں اور اسلامی تعلیمات کو پیش نظر رکھیں۔
ویٹس گارڈن، شانتی نگر حیدرآباد میں منعقدہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) کے دسویں سالانہ اجلاس عام اور نشانِ صحافت ایوارڈس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں دوسروں کے عیوب کی پردہ پوشی اور اللہ تعالیٰ کا خوف اختیار کرنے کی خصوصی تاکید کی گئی ہے۔ میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کی عزت و وقار کو مجروح کرنے کے بجائے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے اور خبروں کی اشاعت میں احتیاط سے کام لے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں خبروں کی تیز رفتار ترسیل کے ساتھ ان کی صداقت اور معاشرتی اثرات کو بھی اہمیت دی جانی چاہئے۔ مصنوعی ذہانت نے میڈیا کے شعبے میں نئے امکانات پیدا کئے ہیں، تاہم اس ٹیکنالوجی کے استعمال میں اخلاقی اقدار اور صحافتی اصولوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے۔
اس موقع پر جناب محمد سلیم نے سالار ملتؒ کو خراج عقیدت پیش کیا اور نقیب ملت بیرسٹر اسدالدین اویسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک بھر میں مسلمانوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے اردو صحافت اور صحافیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔




