حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ و حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ کے 652 ویں اعراس شریف – اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری کا صدارتی خطاب

اولیاء اللہ کی عظمت و فضیلت قرآن و احادیث کی روشنی میں ناقابلِ فراموش؛* *ساڑھے سات سو سال قبل محبوب نگر میں اولیاء کرام نے دینِ اسلام کی شمع روشن کی قطب الاقطاب حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ و حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ کے 652 ویں اعراس شریف کے موقع پر جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ سے اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری کا صدارتی خطاب
محبوب نگر-15 / ( پریس نوٹ ): اولیاء اللہ کی عظمت و فضیلت قرآن حکیم اور احادیث نبویہؐ سے ثابت ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے اپنے کردار ، علم ، تقویٰ ، روحانی فیوض و برکات اور تبلیغِ دین کے ذریعے انسانیت کو راہِ ہدایت دکھاتے ہیں ۔ تقریباً ساڑھے سات سو سال قبل قطب الاقطاب حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ اور قطب الاقطاب حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ نے سر زمین محبوب نگر میں تشریف لاکر دینِ اسلام کی خوب خوب آبیاری فرمائی اور محبت ، اخوت ، رواداری ، انسانیت اور روحانیت کا ایسا برگد کامضبوط درخت لگایا جس کی جڑیں آج بھی اس سرزمین میں گہری پیوست و کئی ایکڑوں میں پھیلی ہوئ ہیں چنانچہ 1990 میں امریکہ سے سائینٹیسٹ نے اسکی اصل اور ابتداء معلوم کرنے کے لئے زمین میں عصری آلات لگائے تھے مگر ان جلالی بزرگوں کی نظر عنایت سے وہ مشنری فیل ہوگئی اور وہ سائینٹیسٹ بھی دماغ کی شریانیں پھٹ کر مرگئے
۔ ان بزرگانِ دین کے روحانی فیوض و برکات کا سلسلہ ازل سے ابد تک الحمدللہ آج تک جاری ہے اور ان کی خدمات کو تاریخِ محبوب نگر میں ہمیشہ یاد بھی رکھا جائے گا ان خیالات کا اظہار جنوبی ہند کے ممتاز عالمِ دین و سینئیر صحافی بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے کل رآت الماس فنکشن ہال رامیا باؤلی، محبوب نگر میں 652 ویں اعراس شریف کے موقع پر غسلِ شریف کی تقریب کے بعد نمازِ عشاء منعقدہ سالانہ مرکزی عظیم الشان جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا ۔ جلسہ کاٌ آغاز قراءت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا – مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں اولیاء اللہ کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے قرآن مجید کی آیتِ مبارکہ کا حوالہ دیا کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَلَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَكَانُوْا یَتَّقُوْنَ ۔
ترجمہ: خبردار! بے شک اللہ کے ولیوں پر نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ اختیار کرتے رہے۔ (سورۂ یونس: 62-63)
انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم نے اولیاء اللہ کی پہچان ایمان اور تقویٰ قرار دی ہے ۔ احادیثِ مبارکہ میں بھی اللہ تعالیٰ کے مقرب بندوں کی شان و عظمت اور رفعت مقام و مرتبہ بیان کیا گیا ہے ۔ حدیثِ قدسی میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ جو میرے کسی ولی سے دشمنی رکھے ، میں اس کے خلاف اعلانِ جنگ کرتا ہوں ۔ اس حدیث سے اولیاء اللہ کی عظمت اور ان سے محبت و عقیدت کی اہمیت واضح ہوتی ہے ۔
مولانا نے مزید کہا کہ سر زمین محبوب نگر کی روحانی تاریخ انتہائی تابناک ہے ۔ تقریباً ساڑھے سات سو سال قبل ان عظیم چشتی بزرگوں کی آمد نے اس خطے کو روحانیت کا مرکز بنایا اور مرکز عالمی سیر و سیاحت بنا آج بھی ساری دنیا سے لوگ جوق در جوق زیارت و دیدار کے لئے حاضر ہوکر فیضان علمی و روحانی سے مستفیض ہورہے ہیں کل صبح قیام قیامت تک استفادہ کرتے رہینگے ۔ انہوں نے جو شجرِ طیبہ لگایا ، اس کی شاخیں آج بھی پھل پھول رہی ہیں گذشتہ سالوں کیمیکل کے ذریعہ ضلع کلکٹر رونالڈ روز نے سے ان ہرے بھرے درختوں کو سوکھنے سے بچانے کے لئے کامیاب حکمت عملی وضع کی تھی الحمدللہ آج بھی برگد کے درخت کی شاخیں مکمل طورپر سرسبز و شاداب لہراتی ہوئ نظر آرہی ہیں ۔ اس روحانی ورثے کی وسعت اور گہرائی کا اندازہ لگانا آسان نہیں ۔ اولیاء اللہ کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانا اور ان کے نقشِ قدم پر چلنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
اپنے خطاب میں مولانا نے سید الطائفہ حضرت سیدنا جنید بغدادی حسینی رضی اللہ عنہ کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضور غوثِ اعظم دستگیر شیخ محی الدین حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ سے تقریباً تین صدی قبل کے عظیم روحانی پیشوا اور بلند مرتبہ بزرگ گزرے ہیں ۔ آپ سے منسوب ایک مشہور حکایت کے مطابق آپ نے مقامِ جیلان میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی تشریف آوری اور ان کے عظیم روحانی مقام کی پیش گوئی فرمائی تھی۔
اس حکایت کے مطابق حضرت جنید بغدادیؓ نے فرمایا کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ اللہ تعالیٰ کے حکم سے اعلان فرمائیں گے کہ میرا قدم تمام اولیاء اللہ کی گردنوں پر ہے ، چنانچہ میں ابھی سے اپنی گردن ان کے لئے جھکاتا ہوں ۔ مولانا نے کہا کہ یہ واقعہ اکابر اولیاء کی باہمی روحانی عظمت ، احترام اور مقامِ غوثیت کے اعتراف کی ایک معروف روایت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ حضرت جنید بغدادی رضی اللہ عنہ کی اولادِ امجاد اور خانوادۂ جنیدیہ کے سجادہ نشین بغداد شریف ، عراق سے محبوب نگر کی سرزمین پر تشریف لانے والے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ان کی آمد سے اس سرزمین کو ایک نئی روحانی سعادت و فیروز مندی حاصل ہوگی اور عقیدت مندوں کے لئے یہ ایک عظیم اعزاز و علمی و روحانی مسرت کا موقع ہوگا ۔
جلسہ کی نگرانی جناب محمد عبدالبصیر چشتی قادری مرزائی قلندری سجادہ نشین و متولی حضرت مولانا قاضی الحاج محمد محی الدین چشتی قادری مرزائی قلندریؒ نے فرمائی ۔
اس موقع پر جناب محمد عبدالغفور نیازی وہمنواوؤں نے اپنے دلنشین حمدیہ ، نعتیہ اور منقبتی کلام پیش کرتے ہوئے سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی ۔
جلسہ میں مولوی محمد عبدالباسط شطاری ،جناب محمد کامل چشتی قادری مرزائ ، مولانا حافظ محمد برہان محبوب سہروردی وارث پاشاہ شرفی قادری سجادہ نشین حضرت اتمؔ شرفیؒ ، حضرت سید زین العابدین چشتی قادری اظہر پاشاہ ، جناب محمد فیاض خان چشتی قادری ، مولوی فضل خان چشتی قادری مرزائی قلندری المعروف شاہ صاحب ، جناب محمد عبد الکلیم نیازی ، جناب میر واجد علی قادری ، جناب محمد قادر خان برادر متولی ، جناب محمدکریم خان برادر متولی ، جناب محمد اسماعیل مکین انصاری قادری نقشبندی چشتی سہروردی جامع السلاسل ، جناب محمد حسان انصاری حسنین پاشاہ قادری نقشبندی چشتی سہروردی جامع السلاسل ، جناب محمد معین مازن انصاری قادری نقشبندی مجددی چشتی سہروردی جامع السلاسل ، جناب سید صدام حسین نقشبندی مجددی قادری کے علاوہ شہر و اطراف کے علماء کرام ، مشائخ عظام ، سجادگان و متولیان ، مذہبی و سماجی شخصیات اور سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی ۔
جلسہ کا ماحول ذکرِ اِلٰہی ، نعت شریف و منقبتی کلام اور اولیاء کرام کی محبت و عقیدت سے معمور رہا ۔ شرکائے جلسہ نے ان بزرگوں کے روحانی فیوض و برکات سے استفادہ کیا اور ان کی تعلیمات کو عام کرنے کے عزم مصمم کا اظہار کیا ۔ جمیع شرکاء کے لئے تناول تبرک کا اہتمام کیا گیا تھا –



