بزنس

سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ، ایک ہفتے میں آئی بڑی کمی

حیدرآباد: سونے کی قیمتوں میں اچانک بھاری گراوٹ نے صرافہ بازار میں ہلچل مچادی ہے۔ دیوالی کے بعد سے شروع ہونے والی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور صرف ایک ہفتے کے دوران سونا تقریباً 10 ہزار روپے فی 10 گرام سستا ہوگیا ہے۔

 

قیمتوں میں اس غیر معمولی گراوٹ پر تجارتی حلقوں میں بحث جاری ہے، جبکہ خریدار اس کمی سے کافی خوش ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 8 نومبر 2026 کو دیوالی کے دن حیدرآباد کی صرافہ مارکیٹ میں 24 کیرٹ سونے کی فی 10 گرام قیمت 1,43,570 روپے تھی جبکہ 22 کیرٹ سونا 1,31,600 روپے میں فروخت ہورہا تھا۔

 

تاہم 17 نومبر 2026 کو 24 کیرٹ سونے کی قیمت گھٹ کر 1,35,350 روپے اور 22 کیرٹ سونے کی قیمت کم ہوکر 1,24,600 روپے ہوگئی۔ اس طرح ایک ہفتے کے دوران سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔شادیوں کے سیزن اور دیگر تقریبات کے پیش نظر سونے کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو بڑی راحت ملی ہے۔

 

خریدار کم قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیورات کی خریداری میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کی ایک اہم وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات سے متعلق خبروں نے

 

بھی سونے میں سرمایہ کاری کی کشش کم کردی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں اضافہ کرتا ہے تو سرمایہ کار سونے کے بجائے ڈپازٹس اور بانڈز میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ اسی خدشے کے پیش نظر بعض سرمایہ کار سونے سے اپنی سرمایہ کاری نکال کر دیگر مالیاتی ذرائع کی جانب منتقل کررہے ہیں

 

جس سے سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔دوسری جانب ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث دیگر ممالک میں سونا مہنگا ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں وہاں اس کی خریداری میں کمی آئی ہے۔

 

اس صورتحال میں ان ممالک میں سونے کی طلب گھٹنے سے ہندوستان کو اس کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مارکیٹ حلقوں کے مطابق طلب کے مقابلے میں سپلائی بڑھنے سے ملک میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button