اینٹی بایوٹک ادویات کا غیر ضروری استعمال انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری

اینٹی بایوٹک ادویات کا غیر ضروری استعمال انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری
حیدرآباد، 24 نومبر (پریس ریلیز):
صحتِ انسانی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے، جس کی حفاظت ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی ایک باشعور، فعال اور ترقی یافتہ قوم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ عصرِ حاضر میں جہاں طبی سائنس نے علاج و معالجہ کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی ہے، وہیں ادویات کے غیر محتاط اور غیر ضروری استعمال نے صحتِ عامہ کے لیے نئے چیلنجز بھی پیدا کردیے ہیں۔ بالخصوص اینٹی بایوٹک ادویات کا بے جا استعمال ایک ایسا سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے جس کے اثرات نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کی صحت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔
چیئرمین لینگویجز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے عالمی ہفتۂ انسدادِ جراثیمی مزاحمت (World AMR Awareness Week) کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر سال 18 تا 24 نومبر تک یہ عالمی آگاہی ہفتہ منایا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام میں جراثیمی مزاحمت کے بڑھتے ہوئے خطرات، اینٹی بایوٹک ادویات کے درست استعمال اور احتیاطی تدابیر کے تعلق سے شعور بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی بایوٹک ادویات کا استعمال صرف بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے، یہ عام نزلہ، زکام اور وائرس سے ہونے والی بیماریوں کا علاج نہیں ہیں۔ افسوس کہ بعض افراد معمولی بیماریوں میں بھی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹک ادویات استعمال کرتے ہیں، جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر کے تجویز کردہ علاج کو اپنی مرضی سے درمیان میں چھوڑ دینا، دوسروں کی بچی ہوئی ادویات استعمال کرنا یا بلا ضرورت اینٹی بایوٹک کا مطالبہ کرنا بھی غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے مزید کہا کہ جب جراثیم اینٹی بایوٹک ادویات کے اثرات کے مقابلے میں مزاحمت پیدا کرلیتے ہیں تو ایسی صورت میں ان ادویات کا اثر کم یا ختم ہوجاتا ہے۔ نتیجتاً عام انفیکشن کا علاج بھی مشکل ہوسکتا ہے، بیماری کی مدت طویل ہوسکتی ہے اور مریض کو زیادہ پیچیدہ علاج کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ یہ مسئلہ صرف کسی ایک فرد یا ملک تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے صحتِ عامہ کا ایک اہم چیلنج ہے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں صحت و صفائی، بیماریوں سے بچاؤ، متوازن غذا، صاف پانی کے استعمال اور ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔ طلبہ اپنے گھروں اور سماج میں بھی یہ پیغام عام کریں کہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹک ادویات استعمال نہ کریں اور کسی دوسرے شخص کی تجویز کردہ دوا خود استعمال نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جراثیمی مزاحمت کی روک تھام کے لیے ہاتھوں کی باقاعدہ صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی، ضروری ویکسینیشن اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔ اینٹی بایوٹک ادویات کا استعمال ہمیشہ مستند معالج کے مشورے اور تجویز کردہ طریقۂ علاج کے مطابق کیا جانا چاہیے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ صحت مند معاشرے کی تعمیر صرف طبی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں ہر شہری، والدین، اساتذہ، طلبہ اور سماجی تنظیموں کو اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔ ادویات کا محتاط استعمال، صحت سے متعلق آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بناکر ہی ہم ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔



