جھارکھنڈ میں بھیانک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 13 افراد ہلاک، چار بچے اور خواتین بھی شامل

رائے پور – جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں اتوار کی علی الصبح پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں 13 افراد ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ رانچی۔پٹنہ قومی شاہراہ 33 پر کوجو پولیس اسٹیشن کے حدود میں پینکی گاؤں کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق اسکارپیو گاڑی میں 14 افراد سوار تھے، جو بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جھنگھارو کے رہنے والے تھے۔ یہ تمام افراد رجرپا میں واقع ماں چھنمستیکا مندر میں پوجا کے لیے جا رہے تھے۔ اتوار کی رات تقریباً 2 بجے ان کی گاڑی آگے چل رہی ایک بھاری گاڑی سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکارپیو تیز رفتار تھی اور اس نے آگے چلنے والی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ اسکارپیو بری طرح تباہ ہوگئی۔ مقامی افراد اور پولیس نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو رام گڑھ کے صدر ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے 13 افراد کو مردہ قرار دیا۔ ایک شخص شدید زخمی حالت میں انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں زیر علاج ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ مکیش کمار لونایت کے مطابق مہلوکین میں پانچ خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ٹکر مارنے والی بھاری گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مہلوکین کے رشتہ داروں سے رابطہ کرکے شناخت کا عمل شروع کردیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اس المناک حادثے پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی، جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین اور بہار کے چیف منسٹر سمراٹ چودھری نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمی شخص کو 50 ہزار روپئے بطور امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔



