تلنگانہ میں 8 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے – سرفراز احمد کو حیدرآباد کے تین میونسپل کارپوریشنوں کی ذمہ داری

حیدرآباد، 28 نومبر (اردو لیکس): تلنگانہ حکومت نے ریاستی انتظامیہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے 8 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں اور نئی ذمہ داریوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے اس سلسلے میں سرکاری احکامات جاری کئے۔
احکامات کے مطابق سرفراز احمد کو محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)، سائبرآباد اور ملکاجگیری میونسپل کارپوریشنوں کے خصوصی عہدیدار کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
ای وی نرسمہا ریڈی کو حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کا میٹروپولیٹن کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بی اجیت ریڈی کو حیدرآباد میٹرو ریل کا منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔ میاکنک متل کو شمس آباد زونل کمشنر اور کے چندرکلا کو ایچ ایم ڈی اے کا جوائنٹ میٹروپولیٹن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایس ڈی منوج کو حیدرآباد میٹرو ریل کا جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم میں بھی تبدیلیاں کرتے ہوئے پی رامو کو اسپیشل آفیسر (پروجیکٹس) کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ وی سرینواس ریڈی کو اپنے اصل محکمہ سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔


