تلنگانہ

ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تفصیلات موضع واری اساس پر جاری کی جائیں : رکن کونسل کویتا

ٹینک بنڈ پر پھولے کے مجسمہ کی تنصیب کے اعلان کا خیر مقدم

عظیم سماجی مصلح کا مجسمہ احاطہ قانون ساز اسمبلی میں بھی ہونا چاہئے

جب تک مطالبہ قبول نہیں کیا جاتاہماری جدوجہد جاری رہے گی

ریاستی حکومت بی سی ریزرویشن بلس کی مرکز سے منظوری کے لئے فعال کردار ادا کرے

ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تفصیلات موضع واری اساس پر جاری کی جائیں

42 فیصد تحفظات کی جدوجہد صرف تلنگانہ تک محدود نہیں رہے گی، دلی تک جائے گی

 

 

رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے آج حیدرآباد میں جیوتی راؤ پھولے کی جینتی تقاریب میں شرکت کی اورخطاب کرتے ہوئے سماجی انصاف، مساوات اور بی سی طبقات کے حقوق کے لئے پُرزور آواز بلند کی۔ کویتا نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے اس فیصلہ کا دلی خیرمقدم کیا کہ جیوتی راؤ پھولے کا مجسمہ ٹینک بنڈ پر نصب کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل تحسین اقدام ہے جو سماجی اصلاحات کے عظیم علمبردار کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ پھولے کا مجسمہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں بھی نصب کیا جانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ صرف ایک مجسمہ کی تنصیب کا نہیں بلکہ بی سی طبقات کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد اور نمائندگی کا آئینی حق ہے۔

 

جب تک یہ مطالبہ پورا نہیں ہوتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ کویتا نے یاد دلایا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ جاگروتی کی مسلسل کوششوں سے اسمبلی میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی یہ کر دکھایا ہے اور اب بھی ایسا کر دکھا ئیں گے۔بی آر ایس لیڈر نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بی سی ریزرویشن بلس کی مرکز سے منظوری کے لئے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کرےاور تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک وفد کو دہلی روانہ کرے تاکہ اس اہم مسئلہ کو موثر انداز میں اُٹھایا جا سکے۔

 

ذات پات پر مبنی حالیہ مردم شماری پر بات کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ہزاروں خاندانوں کی جانب سے ان کی اپنی معلومات درج نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گاؤں کی سطح پرمردم شماری کے اعداد و شمار شائع کئے جائیں تاکہ شفافیت اور درست اعدادوشمار کو یقینی بنایا جا سکے۔رکن کونسل کویتا نے بتایا کہ بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد ریزرویشن کی جدوجہد صرف تلنگانہ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دہلی تک جائے گی۔ یہ تمام مطالبات منصفانہ، جمہوری اور آئینی ہیں اور حکومت کو ان پر فوری عمل کرنا چاہئے

 

۔علاوہ ازیں جیوتی راؤ پھولے کی یوم پیدائش کے موقع پر رکن قانون سازکونسل بی آرایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے منٹ کمپاؤنڈ میں واقع پھولے کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نچھاور کئےاور ان کی خدمات کوبھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے دوران کویتا نے سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری جان ویزلی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ پھولے کے مجسمہ کو تلنگانہ اسمبلی کے احاطہ میں نصب کیا جائے تاکہ وہ سماجی انصاف کی علامت کے طور پر ہمیشہ موجود رہے۔

 

جان ویزلی نے اس مطالبہ کی مکمل تائید وحمایت کی اورکہا کہ وہ تلنگانہ جاگروتی اور کویتا کی جدوجہد کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button