تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں دلخراش واقعہ، کنویں سے دو معصوم بچوں کی نعشیں برآمد
نلگنڈہ، 5 جولائی (اردو لیکس): تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کنویں سے دو معصوم بچوں کی نعشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خاجی رامارم گاؤں میں پیش آیا۔ متوفی بچوں کی شناخت 10 سالہ بولگاری لکی اور 14 سالہ بونگالا مانی بھارگوا کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچے کھیلنے کے لیے گھر سے نکلے تھے، تاہم کچھ دیر بعد ان کی لاشیں گاؤں کے ایک کنویں سے برآمد ہوئیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو کنویں سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا۔ پولیس کی کلوز ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا دونوں بچے حادثاتی طور پر کنویں میں گر گئے، کسی نے انہیں دھکیل کر قتل کیا، یا پھر اس واقعے کے پس پردہ کوئی اور وجہ ہے۔ تاہم پولیس نے کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل حقیقت سامنے آئے گی۔



