جنسی ہراسانی سے تنگ خاتون ملازم کا صبر جواب دے گیا؛ محکمہ برقی کے انجینئر کو دفتر میں گھس کر لگا دیئے پانچ طمانچے، ویڈیو وائرل

اترپردیش، 20 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) اترپردیش کے ضلع ہمیرپور میں محکمہ برقی کے ایک اعلیٰ عہدیدار پر خاتون ملازم کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور نازیبا حرکتیں کرنے کے الزامات کے بعد دفتر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ مبینہ ہراسانی سے پریشان خاتون نے برسر دفتر انجینئر کے کیبن میں پہنچ کر اسے مسلسل پانچ طمانچے رسید کردیئے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ برقی کے میٹر ٹیسٹنگ ڈویژن میں کام کرنے والی خاتون ملازم پوجا شرما نے ایگزیکٹیو انجینئر منوج کمار وشوکرما پر الزام عائد کیا کہ وہ اسے بار بار اپنے کیبن میں بلاتے، نازیبا تبصرے کرتے اور نامناسب انداز میں ہاتھ پکڑنے کی کوشش کرتے تھے۔ خاتون کا یہ بھی الزام ہے کہ انجینئر اسے اپنے گھر چائے پر آنے کے لئے دباؤ ڈالتے اور فون پر اس کے کرائے کے مکان کا پتہ بھی دریافت کرتے تھے۔
خاتون کے مطابق واقعہ کے دن بھی انجینئر نے اسے اپنے کیبن میں بلایا اور گھر آکر چائے پینے کی بات کی۔ خاتون نے گھر آنے سے انکار کرتے ہوئے دفتر میں چائے پیش کرنے کی بات کہی، جس پر مبینہ طور پر انجینئر نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کی۔ اس پر خاتون برہم ہوگئی اور انجینئر کو طمانچے رسید کردیئے۔ واقعہ کے دوران وہاں موجود دیگر ملازمین نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ کو قابو میں کیا۔
بعد ازاں خاتون اپنے ساتھی ملازمین کے ہمراہ صدر کوتوالی پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور انجینئر کے خلاف تحریری شکایت درج کروائی۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ خاتون نے اپنی سلامتی کے تعلق سے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب انجینئر منوج کمار وشوکرما نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاتون سے صرف سرکاری کام وقت پر مکمل کرنے کے لئے کہا تھا۔ محکمہ برقی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر گیان چند یادو نے بھی خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام کو کارروائی کے لئے رپورٹ روانہ کرنے کی بات کہی ہے۔ پولیس اور محکمہ کی تحقیقات کے بعد ہی الزامات کی حقیقت واضح ہوسکے گی۔



