جرائم و حادثات

ہندو نوجوان سے محبت پر گھر والوں نے میڈیکل طالبہ کو کالج سے زبردستی اٹھالیا – کیرالا سے بازیابی کے بعد خاندان کے ساتھ جانے سے لڑکی کا انکار

منگلورو، 20 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) کرناٹک کے شہر منگلورو میں کنچور میڈیکل کالج کے احاطے سے خاتون میڈیکل طالبہ کو دن دہاڑے زبردستی گاڑی میں بٹھاکر لے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ منگلورو سٹی پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی کے مطابق طالبہ کو مبینہ طور پر اس کے اپنے اہل خانہ نے اس کی مرضی کے خلاف کالج سے لے جایا تھا۔

 

اطلاعات کے مطابق طالبہ مسلمان ہے اور ایک ہندو نوجوان سے اس کے تعلقات تھے، جس پر اہل خانہ کو اعتراض تھا۔ وائرل ویڈیو میں چند افراد کو طالبہ کو زبردستی پکڑ کر مہندرا تھار گاڑی میں بٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے طالبہ کو کیرالا میں اس کے ایک رشتہ دار کے مکان سے بازیاب کرالیا۔ پولیس کمشنر کے مطابق طالبہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں اس نے واضح کردیا کہ وہ اپنے خاندان کے پاس واپس نہیں جانا چاہتی۔ طبی معائنے کے بعد اسے اس کی پسند کی جگہ پر پولیس تحفظ میں رکھنے یا کونسلنگ مرکز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

پولیس نے اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 140(3) اور 126 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو افراد کو پوچھ گچھ کے لئے پولیس اسٹیشن لایا گیا اور قانونی ضابطوں کے تحت انہیں نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ حکام نے واضح کیا کہ بالغ خاتون کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا مکمل قانونی حق حاصل ہے اور اسے زبردستی لے جانا جرم ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button