کورٹلہ میں بارش سے ٹین شیڈ والا مکان منہدم، ایک شخص زخمی، غریب خاندان پریشان
کورٹلہ، 26 جولائی (اردو لیکس): کورٹلہ ٹاون کے عرفات پورہ علاقے میں اتوار کی شام ہونے والی موسلا دھار بارش ایک غریب خاندان کے لیے آفت بن کر آئی۔ پھول ندی کے قریب واقع ٹین شیڈ والے مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص معمولی زخمی ہو گیا، جبکہ اس کی اہلیہ اور تین بچے بروقت گھر سے باہر نکل آنے کے باعث محفوظ رہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مکان جو محمد چاند کی ملکیت ہے، میں شیخ نعیم عرف "امو” اپنے گھر والوں کے ساتھ کرایہ پر مقیم تھے۔ شام کے وقت اچانک تیز بارش شروع ہوئی، جس کے باعث مکان کی ٹین شیڈ چھت گر گئی۔ اس وقت شیخ نعیم گھر کے اندر موجود تھے اور گرتی ہوئی چھت ان پر آگری، جس سے انہیں معمولی اندرونی چوٹیں آئیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور تین بچے بروقت باہر نکل گئے اور محفوظ رہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور ملبے میں دبے گھریلو سامان اور دیگر قیمتی اشیا کو نکالنے کی کوشش کی۔ زخمی شیخ نعیم کو فوری طور پر قریبی دواخانے منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر مجلس اتحاد المسلمین کورٹلہ کے مقامی صدر محمد عبدالرفیع، 17ویں وارڈ کے انچارج محمد سلمان اور سینئر صحافی محمد چاند پاشاہ موقع پر پہنچے۔ بعد ازاں محکمہ مال کے عہدیداروں نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور نقصانات کی تفصیلات جمع کیں۔
اس موقع پر مجلسی قائدین نے بتایا کہ بارش کے باعث متاثرہ خاندان کا گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور پانی میں بھیگنے سے استعمال کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گھر ہونے والے اس غریب خاندان کو فوری طور پر ڈبل بیڈ روم مکان منظور کیا جائے، جبکہ مکان کے مالک کو اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکان کی تعمیر کے لیے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد یا قرض فراہم کیا جائے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد راحت مل سکے۔



