شادی کی خوشیاں ایک ہفتے بھی نہ رہ سکیں، کرنٹ شاک نے دلہا اور باپ کی جان لے لی – تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ہنمکنڈہ کے بھیمارم گاوں میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کرنٹ شاک لگنے سے ایک ہفتہ کے دلہے اور اس کے باپ کی موت ہوگئی، جس سے پورا خاندان غم میں ڈوب گیا۔
پولیس اور افراد خاندان کے مطابق 62 سالہ سامبیا گھر کی سجاوٹ کے لئے نصب کی گئی کرنٹ لائٹنگ کا معائنہ کر رہے تھے کہ اسی دوران حادثاتی طور پر برقی کے تار کو چھو لینے سے وہ شدید کرنٹ کی زد میں آ گئے۔
باپ کو بچانے کی کوشش میں ان کا 32 سالہ بیٹا شرت بھی آگے بڑھا، لیکن اسے بھی کرنٹ شاک گیا اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شرت کی شادی 24 جون کو ہوئی تھی۔ وہ حیدرآباد میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر ملازمت کر رہے تھے۔ شادی کی خوشیاں ابھی ماند بھی نہیں پڑی تھیں کہ چند ہی دنوں بعد پیش آنے والے اس المناک حادثے نے خاندان کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔
باپ اور بیٹے کی ایک ساتھ موت سے افراد خاندان، رشتہ داروں اور مقامی افراد میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔



