حیدرآباد میں یوٹیوبرس کی چالاکی بے نقاب۔ بلیک میلنگ کے چکر میں نقلی رپورٹرس ہوئے گرفتار

حیدرآباد میں یوٹیوبرس کی چالاکی بے نقاب۔ بلیک میلنگ کے چکر میں نقلی رپورٹرس ہوئے گرفتار
حیدرآباد: ڈیجیٹل دور میں جہاں سوشل میڈیا مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن رہا ہے وہیں کچھ افراد اس پلیٹ فارم کو ذاتی مفاد، شہرت یا پیسے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کے سرور نگر علاقے میں ایسا ہی ایک واقعہ منظر عام پر آیا جس میں دو یوٹیوبرز نے مٹھائی فروش کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کی۔
واقعہ سرور نگر، وینکٹیشور کالونی کے "سری بالاجی مٹھائی بھنڈار” میں پیش آیا۔ جمعہ کی دوپہر دو افراد دکان پر آئے مٹھائی خریدی اور وہیں بیٹھ کر کھانے لگے۔ کچھ ہی دیر بعد انہوں نے ایک جھینگا مٹھائی میں رکھ کر قئے کرنے کی اداکاری کی اور یہ کہتے ہوئے شور مچایا کہ مٹھائی میں کچھ ہے۔ بعد ازاں
انہوں نے خود کو پریس رپورٹر ظاہر کیا اور دکان دار سے رقم کا مطالبہ کرنے لگے، ساتھ ہی یہ بھی دھمکی دی گئی کہ اگر روپے نہ دئیے گئے تو وہ وہ سوشل میڈیا پر مٹھائی کی ویڈیوس پوسٹ کر کے دکان کو بدنام کریں گے۔
دکاندار نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ جیسے ہی ان بلیک میلرس نے پولیس کو آتے دیکھا وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت کوٹیش اور نریش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ دونوں "RE5” نامی یوٹیوب چینل سے وابستہ ہیں۔ ان کے پاس سے یوٹیوب چینل کے فرضی پریس
کارڈس بھی برآمد ہوئے۔پولیس اس بات کی چھان بین کر رہی ہے کہ آیا یہ افراد اس طرح کی حرکتیں دیگر دکانوں یا ہوٹلوں میں بھی کرتے رہے ہیں۔