تلنگانہ کے کاماریڈی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد لاپتہ، پولیس کی تلاش جاری
کاماریڈی: تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے پراسرار طور پر لاپتہ ہوجانے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ واقعہ کاماریڈی شہر کے گاندھی نگر علاقہ کا ہے، جہاں رہنے والے بھانو پرکاش نے اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے لاپتہ ہونے کی شکایت پولیس میں درج کرائی ہے۔
پولیس کے مطابق بھانو پرکاش کی اہلیہ لیا (31)، بیٹی بندو (16)، بیٹا شیوا (13) اور کمسن بیٹی دویجا (8) خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ کاماریڈی شہر میں خریداری کے لیے گئے تھے۔ تاہم خریداری مکمل ہونے کے بعد لیا اپنے تینوں بچوں کے ساتھ گھر واپس نہیں آئیں، جس پر اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
کافی تلاش کے باوجود جب ان کا کوئی سراغ نہیں ملا تو بھانو پرکاش نے پولیس سے رجوع کیا۔ شکایت ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ لاپتہ خاتون اور بچوں کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو شبہ ہے کہ خاندانی اختلافات کے باعث خاتون بچوں کو ساتھ لے کر گھر چھوڑ کر گئی ہو سکتی ہے، تاہم کسی بھی امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی جلد از جلد تلاش اور واقعہ کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقعہ کے بعد گاندھی نگر اور اطراف کے علاقوں میں تشویش کا ماحول پایا جا رہا ہے، جبکہ اہل خانہ اپنے عزیزوں کی بحفاظت واپسی کے منتظر ہیں۔ :::



