نیشنل

گنپتی کے درشن کو پہنچے شاہ رخ خان – اہلیہ گوری اور بیٹی سہانا بھی ساتھ

ممبئی :  بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے پیر کے روز ممبئی کے مشہور لال باغچہ راجا پنڈال پہنچ کر گنیش اتسو کے موقع پر گنپتی مورتی کے درشن کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اہلیہ گوری خان، بیٹی سہانا خان اور منیجر پوجا ڈڈلانی بھی موجود تھیں۔

 

شاہ رخ خان کی آمد کی خبر ملتے ہی پنڈال میں عقیدت مندوں اور مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ لوگ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب نظر آئے، جبکہ سخت سکیورٹی کے درمیان شاہ رخ خان کو پنڈال تک لے جایا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے نیلے رنگ کا کرتا زیب تن کیا تھا۔ سہانا خان سبز رنگ کے روایتی لباس میں نظر آئیں، جبکہ گوری خان نے زرد رنگ کا روایتی لباس پہنا ہوا تھا۔

 

اس سال گنیش اتسو کے دوران بالی ووڈ کی کئی دیگر معروف شخصیات نے بھی لال باغچہ راجا کے درشن کئے، جن میں پرتھوی راج سوکمارن، رتیش دیشمکھ، جنیلیا دیشمکھ، شلپا شیٹی اور سدھارتھ ملہوترا سمیت دیگر شامل ہیں۔

 

شاہ رخ خان نے رواں ماہ ایکس پر ’AskSRK‘ سیشن کے دوران مداحوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے گھر میں گنیش چتورتھی کی تقریبات کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ ایک مداح نے جب ان سے گھر میں گنیش چتورتھی منانے کے بارے میں سوال کیا تو شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کی اہلیہ آرتی کرتی ہیں،

 

اس کے بعد دعائیں کی جاتی ہیں اور رات میں گنیش مورتی کا وسرجن کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بچے اور دوست بھی جمع ہوتے ہیں، سب مل کر وقت گزارتے اور خوب ہنستے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک سادہ سی خاندانی تقریب ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button