جرائم و حادثات

ناجائز تعلقات قائم کرکے نوجوان کو بلیک میل۔ حیدرآباد میں شاطر خاتون گرفتار

حیدرآباد: ایک شادی شدہ خاتون نے ایک سرکاری ملازم سے قربت بڑھا کر اس کے ساتھ گزارے گئے نجی لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اسے بلیک میل کیا۔ لاکھوں روپے وصول کرنے کے باوجود ہراسانی کا سلسلہ بند نہ ہونے پر متاثرہ شخص نے پولیس سے رجوع کیا۔

 

پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق بالانگر کے گاندھی نگر علاقے سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ ٹی سائی کرن خیریت آباد کے سول سپلائیز دفتر میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔سال 2022 میں ایک شادی شدہ خاتون اپنے راشن کارڈ میں بیٹے کا نام غلط درج ہونے کے باعث اسے درست کروانے کے لیے سول سپلائیز دفتر آئی۔ وہاں اس نے بتایا کہ وہ سعید آباد میں اپنے بیٹے کے ساتھ رہتی ہے جبکہ اس کا شوہر کسی دور دراز علاقے میں رہتا ہے۔

 

اسی دوران اس نے سائی کرن سے جان پہچان بڑھائی۔ بعد ازاں اس نے اس کا فون نمبر لے کر بار بار فون کرنا شروع کیا اور اس سے قربت بڑھانے کی کوشش کی۔دونوں کے درمیان تعلقات گہرے ہونے کے بعد وہ ریستورانوں اور اویو ہوٹلوں میں ایک ساتھ جانے لگے۔ ایک اویو ہوٹل کے کمرے میں گزارے گئے نجی لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز خاتون نے محفوظ کرلیں

 

ساتھ ہی ہوٹلوں کی رسیدیں بھی سنبھال کر رکھیں۔ انہی ثبوتوں کی بنیاد پر وہ سائی کرن کو مسلسل بلیک میل کرتی رہی۔خاتون کی ہراسانی سے تنگ آکر سائی کرن نے 2023 میں خودکشی کی کوشش بھی کی۔ جب اس کی ماں نے معاملے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی تو اصل بات سامنے آئی۔ اس کے بعد سائی کرن اپنی والدہ کے ساتھ اس خاتون سے بات کرنے گیا مگر خاتون نے بدتمیزی کرتے ہوئے مزید 50 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروالیے۔

 

31 مارچ 2024 کو جب سائی کرن اپنی ماں کے ساتھ خاتون کے گھر گیا تو وہ انہیں سعید آباد پولیس اسٹیشن لے گئی، جہاں اس نے دوبارہ بلیک میل کرتے ہوئے دو مرحلوں میں 2.50 لاکھ روپے منتقل کروالیے۔حال ہی میں 13 مئی کو بھی پنجہ گٹہ چوراہے پر ملاقات کے دوران اس نے دوبارہ رقم کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر مطلوبہ رقم نہ دی گئی تو وہ اسے بدنام کردے گی۔

 

آخرکار متاثرہ شخص نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے خاتون کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button