بودھن میں جعلی سرکاری سرٹیفکیٹ بنانے والے دو افراد گرفتار – می سیوا سنٹر پر دھاوا، بڑی تعداد میں جعلی دستاویزات اور آلات ضبط

نظام آباد، 5 ستمبر: نظام آباد پولیس نے بودھن میں جعلی سرکاری سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیہ، آئی پی ایس کی ہدایت پر سی سی ایس اے سی پی سری شیلَم کی نگرانی میں سی سی ایس اور بودھن ٹاؤن پولیس کی مشترکہ ٹیم نے رکاس پیٹھ کے بڑے مسجد کے قریب واقع ’’سہارا می سیوا سنٹر‘‘ پر دھاوا کیا اور تلاشی لی۔
پولیس کے مطابق می سیوا آپریٹر شیخ وسیم مبینہ طور پر زیادہ رقم کمانے کی لالچ میں گزشتہ دو سال سے می سیوا سنٹر کے مالک محمد مکرم اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر جعلی می سیوا سرٹیفکیٹ تیار کررہا تھا۔ یہ سرٹیفکیٹ می سیوا سنٹر کے علاوہ گھر پر بھی تیار کئے جاتے تھے۔ جعلی دستاویزات پر متعلقہ ربڑ اسٹامپ لگاکر انہیں اصلی سرٹیفکیٹ کے طور پر پیش کیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ہر جعلی سرٹیفکیٹ کے عوض 5 ہزار سے 10 ہزار روپے تک وصول کئے جاتے اور رقم آپس میں تقسیم کی جاتی تھی۔ ان جعلی سرٹیفکیٹوں کا استعمال بعض افراد مبینہ طور پر حکومت سے دھوکہ دہی کے ذریعے مختلف فوائد حاصل کرنے کے لئے کررہے تھے۔
پولیس نے اس معاملے میں شیخ وسیم، عمر 32 سال، می سیوا آپریٹر، ساکن راکاسی پیٹ، بودھن اور محمد مکرم، عمر 36 سال، کاروباری اور سہارا می سیوا سنٹر کے مالک، ساکن رکاس پیٹھ، بودھن کو گرفتار کیا ہے۔
تلاشی کے دوران پولیس نے پانچ تیار شدہ جعلی می سیوا سرٹیفکیٹ، پہلے سے تیار کرکے دیئے گئے جعلی می سیوا پیدائش کے سرٹیفکیٹوں کی 22 زیراکس کاپیاں، جعلی سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے لئے رکھے گئے 38 خالی اصلی می سیوا سرٹیفکیٹ، ایک ربڑ اسٹامپ، 13 جعلی ٹی سی اور بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، شادی مبارک سے متعلق ایک جعلی زیراکس دستاویز، ایک HP لیپ ٹاپ، ایک Canon کلر پرنٹر اور ملزمین کے دو موبائل فون ضبط کئے ہیں۔
پولیس نے ضبط شدہ دستاویزات اور الیکٹرانک آلات کو اپنے قبضے میں لے کر ملزمین کے خلاف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث دیگر فرار ملزمین کے خلاف بھی مناسب کارروائی کی جائے گی۔
اس کارروائی میں سی سی ایس کے سی آئی اجئے، ایس آئی سرینواس، ہیڈ کانسٹیبل راملو، کانسٹیبل انیل اور گنگا پرساد، بودھن اے سی پی سرینواس، بودھن ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے سی آئی وی وینکٹ نارائن، ایس آئی ایل رام، کانسٹیبل گنگارام اور شیوا کرشنا نے حصہ لیا۔
پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیہ، آئی پی ایس نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور ملازمین کی ستائش کی۔



