9 سال تک آئی ٹی ملازمین اور طلبہ کو گانجہ فروخت کرنے والی خاتون گرفتار، 30 مقدمات میں مطلوب لیڈی ڈان بے نقاب
حیدرآباد کے آئی ٹی کاریڈور میں 9 سال سے گانجہ کا کاروبار کرنے والی خاتون گرفتار، 30 مقدمات درج
حیدرآباد، 7 نومبر (اردو لیکس) حیدرآباد کے آئی ٹی کاریڈور کو مرکز بناکر گزشتہ 9 سال سے گانجہ کا کاروبار چلانے والی 51 سالہ خاتون نیٹو بائی کو تلنگانہ ایگل فورس نے گرفتار کرلیا۔ نانک رام گوڑہ کی رہنے والی اس خاتون کے خلاف 30 منشیات اور آبکاری کے مقدمات درج ہیں
، جبکہ وہ 13 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھی۔ ایگل فورس ڈائریکٹر سندیپ سانڈلیہ کے مطابق ملزمہ 2017 سے تھوک میں گانجہ خرید کر چھوٹے پیاکٹس میں فروخت کررہی تھی۔ وہ نانک رام گوڑہ اور گچی باؤلی کے ہاسٹلس اور کرایے کے مکانات میں رہنے والے سافٹ ویئر ملازمین اور کالج طلبہ کو نشانہ بناتی تھی۔ پولیس سے بچنے کے لیے وہ موبائل فون استعمال نہیں کرتی تھی اور مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کرتی رہتی تھی
۔ ایگل فورس نے خفیہ اطلاع پر منگل ہاٹ کے قریب آٹو میں سفر کے دوران اسے گرفتار کرکے ایک لاکھ 59 ہزار 500 روپے نقد اور موبائل فون ضبط کرلیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس کے افراد خاندان بھی گانجہ کے کاروبار میں ملوث رہے ہیں۔ ماضی میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 22 کلو اور 7.5 کلو گانجہ کے علاوہ لاکھوں روپے نقد ضبط کئے تھے۔ ایگل فورس کے مطابق ملزمہ نے گانجہ کی غیر قانونی کمائی سے لنگر حوض میں دو جی پلس تھری عمارتیں اور گچی باؤلی میں ایک جی پلس ٹو عمارت تعمیر کی
، جبکہ نانک رام گوڑہ میں بھی اضافی تعمیرات کروائیں۔ ان اثاثوں کی جانچ جاری ہے اور غیر قانونی دولت سے حاصل کی گئی جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ گرفتار خاتون کو مزید کارروائی کے لیے سائبرآباد نارکوٹکس پولیس کے حوالے کردیا گیا۔




