ایک ساتھ چار بچوں کو جنم دینے والی 27 سالہ خاتون کی موت، ایک نومولود بھی فوت، تین بچے زندہ

اترپردیش، 7 نومبر (اردو لیکس) اترپردیش کے ضلع بدایوں میں ایک ساتھ چار بچوں کو جنم دینے والی 27 سالہ ایکتا ساگر کی علاج کے دوران موت ہوگئی، جبکہ چار نومولودوں میں سے ایک کی پیدائش سے قبل ہی موت ہوچکی تھی۔
ضلع کے موسا جھاگ تھانہ حدود کے کرولیا گاؤں کی رہنے والی ایکتا کا منگل کی رات ایک خانگی نرسنگ ہوم میں آپریشن کے ذریعے زچگی کروائی گئی، جس کے نتیجے میں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا زندہ پیدا ہوئے، جبکہ ایک لڑکا مردہ پیدا ہوا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زچگی کے بعد ابتدائی طور پر خاتون کی حالت ٹھیک تھی، تاہم بعد میں سانس لینے میں دشواری کے باعث طبیعت بگڑ گئی۔
افراد خاندان انہیں بہتر علاج کے لیے بریلی کے ایک خانگی اسپتال لے گئے، جہاں دوران علاج ان کی موت ہوگئی۔ تینوں زندہ نومولودوں کو ابتدائی طور پر خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا تھا، بعد میں صحت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔ ایک ساتھ چار بچوں کی پیدائش سے خاندان میں خوشی کی امید پیدا ہوئی تھی،
لیکن ماں اور ایک نومولود کی موت سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ اب تینوں بچوں کی پرورش اور مستقبل کی ذمہ داری خاندان کے لیے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔



