سڑک حادثے میں کے سی آر کے اٹینڈر سمیت دو نوجوانوں کی موت – بی آر ایس سربراہ کا اظہارِ افسوس

راجنا سرسلہ ضلع میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اٹینڈر کستوری مہندر ریڈی عرف منی کمار ریڈی سمیت دو نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ اس حادثے پر کے سی آر نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔
یہ حادثہ ضلع کے مستا آباد منڈل میں بندنکل گاؤں کے قریب ہنومان نگر چوراہے پر پیش آیا، جہاں وینکیا کنٹہ کے مقام پر ایک تیز رفتار لاری نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ منی کمار ریڈی نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ شدید زخمی بھارت کو علاج کے لیے ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں رات تقریباً 2 بجے دوران علاج اس کی بھی موت ہوگئی۔
منی کمار ریڈی کی موت کی اطلاع ملتے ہی کے سی آر نے مستا آباد کے سابق ایم پی پی جن گام شرت راؤ سے فون پر بات کرتے ہوئے حادثے کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے مہلوکین کے افراد خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ بی آر ایس ان خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔



