تلنگانہ

خواتین سے غیر قانونی طور پر انڈوں کی وصولی کا معاملہ، ڈاکٹروں اور فرٹیلٹی مراکز کے منتظمین کو ہائی کورٹ سے جھٹکا

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے خواتین سے غیر قانونی طور پر انڈے حاصل کرنے کے معاملے میں ملوث ڈاکٹروں، فرٹیلٹی مراکز کے منتظمین اور دیگر افراد کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔ تین پولیس کمشنریٹس کے حدود میں درج آٹھ مقدمات کے سلسلے میں تقریباً 30 افراد نے ضمانت کے لئے درخواستیں دائر کی تھیں۔ جسٹس نندی کونڈہ نرسنگ راؤ نے پیر کو طویل سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحقیقات اہم مرحلے میں ہیں، اس لیے فی الحال قبل از گرفتاری ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

 

عدالت نے طبی پیشے کو کاروبار بنانے پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کو سماج میں مسیحا کا درجہ دیا جاتا ہے، اس لیے انہیں اخلاقی اقدار اور پیشہ ورانہ حلف کی پابندی کرنی چاہئے۔ صرف پیسہ کمانے کو مقصد بنانے سے طبی پیشے کی اخلاقی قدریں ختم ہوجاتی ہیں

 

۔ عدالت نے واضح کیا کہ ایجنسیوں کے ذریعے خواتین کو لانے کے باوجود ان کی صحت، انڈوں کے حصول سے پہلے اور بعد میں ضروری طبی معائنے اور علاج کے تمام طریقہ کار کی ذمہ داری فرٹیلٹی مراکز اور ڈاکٹروں پر عائد ہوتی ہے۔ خواتین کو ہارمون کے انجکشن کس نے دیئے اور ان سے ان کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوئے، اس کی جانچ بھی ضروری ہے۔

 

عدالت نے اس معاملے کو انسانی اسمگلنگ کے دائرے میں آنے والا معاملہ قرار دیتے ہوئے سرکاری وکیل کی اس دلیل سے اتفاق کیا کہ ضمانت ملنے کی صورت میں اسپتالوں کے برقی ریکارڈ میں ردوبدل کا خدشہ ہے۔ اسی بنیاد پر ڈاکٹر پی پدمجا، ڈاکٹر گیدیلہ درگا راؤ، سَدگرو ہیلتھ کیئر سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے پرتیک انیل گگلان سمیت دیگر درخواست گزاروں کی تمام قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button