ہند پاک جنگ بندی سے اتفاق پر ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان

نئی دہلی ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری اور مکمل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس پیش رفت کو خطے میں امن کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ "پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔”
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، سیز فائر کا فیصلہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد سامنے آیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدت آ چکی تھی۔ بھارت نے 22 اپریل کو پہلگام حملے کے جواب میں 6 مئی کی شب پاکستان کے اندر فضائی کارروائیاں کیں۔ اس کے بعد آج دونوں ملکوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے فضائی اڈوں پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔