انٹر نیشنل

ہند پاک کے درمیان سیز فائر پر اتفاق، دہشت گردی کے خلاف بھارت کا سخت مؤقف برقرار

نئی دہلی ۔جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے بادل چھٹنے لگے ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت نے ایک غیر معمولی پیش رفت کے تحت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور دیگر حساس سرحدی علاقوں میں فوری طور پر گولہ باری اور فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔

 

بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا "ہندوستان اور پاکستان نے آج گولی باری اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ ہندوستان نے سبھی شکلوں اور اظہار میں دہشت گردی کے خلاف لگاتار مضبوط رخ بنائے رکھا ہے، اور ایسا جاری رکھا جائے گا۔”

 

یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی نقطۂ عروج پر تھی۔ صورتحال مزید اس وقت بگڑی جب دونوں ممالک نے 9 مئی کو ایک دوسرے پر میزائل حملوں کے الزامات عائد کیے۔

 

اس تناؤ کے درمیان ایک اہم سفارتی کوشش اس وقت کامیاب ہوئی جب پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے ٹیلی فون پر براہِ راست رابطہ کیا۔ اس بات چیت میں دونوں جانب سے فائر بندی پر رضامندی ظاہر کی گئی۔

 

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھی اس پیش رفت کی توثیق کرتے ہوئے کہا "پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔”

 

بین الاقوامی سطح پر بھی اس معاہدے کو سراہا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو "خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم قدم” قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کو سراہا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button