انٹر نیشنل

مکہ مکرمہ میں اپنی نوعیت کا پہلا فلاحی فوڈ بینک کا قیام

ریاض ۔ کے این واصف

دنیا میں غذائی اشیا کی شدید قلت کے باوجود بہت سے لوگ بے دردی سے کھانا ضائع کرتے ہیں۔ خصوصاُ شادیوں اور بڑی ضیافتوں میں یہ منظر دیکھتے ہوئے کہ لاکھوں لوگ کچہرے ڈبوں میں سے کھانا چن کر کھاتے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے کہ دنیا کی آبادی کے ایک تہائی حصے کو دن میں صرف ایک وقت کا کھانا میسر آتا ہے۔ اس بات کا علم رکھتے ہوئے کہ دنیا میں کروڑوں لوگ ہر رات بھوکے سو جاتے ہیں۔ اس سب کے باوجود لوگ کوئی احساس کئے بغیر کھانا کوڑے دان کی نذر کر دیتے ہیں۔

کچھ فلاحی ادارے ہیں جو دعوتوں وغیرہ میں بچے ہوئے کھانے کو محفوظ کرکے ضرورت مندوں تک پہنچاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک فلاحی ادارہ متمول ملک سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں قائم کیا گیا ہے۔ مقامی عربی اخبار میں شائع خبر کے مطابق بلدیاتی ترقیاتی امور کے نائب وزیر انجینئرعبداللہ البدیر نے اپنی نوعیت کے پہلے فلاحی فوڈ بینک منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔

مکہ اخبار کے مطابق فلاحی فوڈ بینک “اکرام تحفظ طعام”سوسائٹی کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ یہ سوسائٹی بچ جانے والے کھانے سے استفادہ اور فاضل کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مختلف سکیمیں چلا رہی ہے۔فوڈ بینک کی افتتاحی تقریب مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے زیراہتمام رضاکارانہ فورم کے تحت منعقد کی گئی۔

اکرام سوسائٹی کے ڈائریکٹر احمد المطرفی نے اس موقع پرسوسائٹی کا تعارف کراتے ہوئے حاضرین کو رضا کارانہ پروگراموں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔نائب وزیر انجینئرعبداللہ البدیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکرام سوسائٹی قابل قدرکام کر رہی ہے اس کے اہداف مثالی ہیں۔ سوسائٹی سے ہر ممکن حد تک تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر شہر میں فوڈ بینک قائم کئے جائیں تاکہ بچ رہنے والے کھانوں کو ضائع ہونے بچایا جائے۔ نیز غذائی اشیا ضائع نہ کرنے سے متعلق ایک آگہی مہم چلائی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button