حج 2025 -لاکھوں عازمین آج حج کا رکنِ اعظم “وقوف عرفہ” ادا کر رہے ہیں

کے این واصف
لاکھوں حجاج آج جمعرات 5 جون کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔ وادی منی سے میدان عرفات میں عازمین کی منتقلی کا عمل 8 ذی الحجہ کی شب سے شروع کردیا گیا تھا۔وزارت حج کی جانب سے عازمین کو وقوف عرفہ کے لیے منی سے مشاعر مقدسہ ٹرین اور بسوں کے ذریعے لے جایا گیا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں کو ازدحام سے محفوظ رکھنے کے لیے بسوں کے قافلوں کے لیے جدا راستوں کا انتظام کیا گیا تاکہ حجاج کے قافلوں کو دشواری اور صحت کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حج 1446 ہجری بمطابق 2025 حجاج آج سارا دن میدان عرفات میں گزاریں گے جہاں وہ “قصر و جمع” کی صورت میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے بعدازاں غروب آفتاب سے چند لمحات قبل ہی میدان عرفات سے رخصت ہوجائیں گے۔
حجاج قافلوں کی صورت میں مزدلفہ کے کھلے میدان میں رات بسر کریں گے جہاں سے وہ رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے اور فجر یا اس سے قبل وادی منی پہنچ کر رمی کریں گے۔میدان عرفات میں یوم الترویہ کو ہی ’ “وقوف” کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے صفائی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے اضافی کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ صفائی کی گاڑیاں اورمنی ٹرکس کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پرعمل کیا جارہا ہے۔
وزارت صحت کی متعدد ٹیموں کو میدان عرفات میں مقرر کیا گیا ہے جن میں خصوصی ایمبولیس کارٹ بھی مہیا کی گئی ہے جو مریضوں کو ازدحام والے مقام سے نکال کر قریب ترین شاہراہ پر جہاں ایمبولینس موجود ہو وہاں لے جاتے ہیں۔“لاحج بلا تصریح” (پرمٹ کے بغیرحج نہیں) کے اصول پر اس سال انتہائی سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو بھی مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں۔
مشاعر مقدسہ کے تمام داخلی راستوں پرچیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں موجود اہلکار ہر آنے والے کا پرمٹ اسکین کرتے ہیں۔ پرمٹ کی شرط کا بنیادی مقصد حجاج کو آرام و سکون سے مناسک حج کی ادائیگی کو ممکن بنانا ہے۔