پرنسپل روپا ریڈی کے قتل کی تحقیقات میں تیزی و ملزمین کو فوری سزا دی جائے : تلنگانہ ریکگنائزڈ اسکول مینجمنٹس اسوسی ایشن

پرنسپل روپا ریڈی کے قتل کی تحقیقات میں تیزی و ملزمین کو فوری سزا دی جائے : تلنگانہ ریکگنائزڈ اسکول مینجمنٹس اسوسی ایشن
اساتذہ و اسکولوں کے تحفظ کے لیے جامع قانون کا مطالبہ، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے تحفظ پر زور
حیدرآباد(پریس نوٹ) تلنگانہ ریکگنائزڈ اسکول مینجمنٹس اسوسی ایشن (TRSMA) کے نمائندوں نے پریس کلب بشیر باغ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول کی پرنسپل محترمہ روپا ریڈی کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی جامع اور مقررہ مدت میں تحقیقات مکمل کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف تیز رفتار قانونی کارروائی کی جائے۔
اسوسی ایشن نے مناسب فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعہ مقدمہ کی سماعت اور خاطیوں کو جلد از جلد سزا دلانے کا بھی مطالبہ کیا۔ٹی آر ایس ایم اے کے خازن پی رگھویندر ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ روپا ریڈی کے قتل کے واقعہ نے پورے تعلیمی حلقے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور تلنگانہ بھر کے اساتذہ، پرنسپلز اور اسکول انتظامیہ میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی ایک بڑی تعداد خواتین پر مشتمل ہے، جو بچوں کی تعلیم، تربیت، نظم و ضبط اور بہتر مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تاہم بعض مواقع پر اساتذہ اور اسکول سربراہان کو بعض والدین، طلبہ یا بعض تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے بدسلوکی، توہین، دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے
۔ٹی آر ایس ایم اے نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ، پرنسپلز، کرسپانڈنٹس، اسٹاف اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے جامع ”ٹیچرس اینڈ اسکولس پروٹیکشن ایکٹ“ نافذ کیا جائے۔ اس قانون کے تحت اساتذہ کو دھمکانے، حملہ کرنے، اسکول کے احاطہ میں غیر قانونی داخل ہونے، اسکول کی املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ کرنے اور جائز تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کا واضح نظام قائم کیا جائے۔
اسوسی ایشن نے پولیس، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے اسکول سیفٹی و ٹیچر پروٹیکشن میکانزم قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی، تاکہ کسی بھی سنگین واقعہ کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ٹی آر ایس ایم اے نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام طلبہ اور عملہ کے لیے محفوظ اور پُرامن تعلیمی ماحول فراہم کرے۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو مناسب قانونی تحفظ اور مقررہ ضابطہ کار کے تحت اسکول انتظامیہ کو یہ اختیار دینا چاہیے
کہ مسلسل سنگین بدسلوکی، تشدد یا ایسے رویے کی صورت میں جس سے اساتذہ، عملہ یا دیگر طلبہ کی سلامتی متاثر ہو، اور اصلاحی اقدامات و کونسلنگ ناکام ہوجانے کے بعد ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (TC) جاری کیا جاسکے۔ٹی آر ایس ایم اے نے کہا کہ والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان اختلافات کو بات چیت، کونسلنگ اور قانونی شکایتی نظام کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ دھمکی، توہین، دباؤ یا تشدد کے ذریعے۔ٹی آر ایس ایم اے نے اساتذہ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے باقاعدہ کونسلنگ، جذباتی صحت، غصہ پر قابو پانے، تنازعات کے حل، زندگی کی مہارتوں، اخلاقی تربیت اور ذمہ دارانہ رویے سے متعلق پروگرام شروع کرنے پر بھی زور دیا۔
خاص طور پر نوعمر طلبہ کی ابتدائی سطح پر رہنمائی، والدین کی شمولیت اور رویوں میں بہتری کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اسوسی ایشن نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ روپا ریڈی کے قتل کی تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل کرکے ملزمین کے خلاف تیز رفتار قانونی کارروائی کی جائے اور مناسب فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعے مقدمہ چلایا جائے
۔ تلنگانہ میں جامع”ٹیچرس اینڈ اسکولس پروٹیکشن ایکٹ“ نافذ کیا جائے۔، پولیس، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ریاست گیر ٹیچر و اسکول سیفٹی میکانزم قائم کیا جائے۔ تشدد، دھمکی، غیر قانونی داخلہ، توڑ پھوڑ یا تعلیمی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔ خواتین اساتذہ کی سلامتی اور عزت و وقار کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت مسلسل سنگین بدسلوکی یا پرتشدد رویے کی صورت میں اسکول انتظامیہ کو TC جاری کرنے کا مناسب اختیار دیا جائے۔ طلبہ کے رویے اور نظم و ضبط کے سلسلہ میں والدین کی ذمہ داریوں کے واضح رہنما اصول وضع کیے جائیں۔ طلبہ کے لیے جامع کونسلنگ، جذباتی تربیت، لائف اسکلز اور رویوں میں بہتری کے پروگرام شروع کیے جائیں
۔ٹی آر ایس ایم اے نے کہا کہ وہ ان مطالبات اور تشویش سے حکومتِ تلنگانہ کے چیف منسٹر، اسکول ایجوکیشن کے پرنسپل سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، ضلعی کلکٹرس اور ضلعی تعلیمی افسران کو واقف کراتے ہوئے اساتذہ اور اسکولوں کی سلامتی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرے گی۔اس موقع پر اسوسی ایشن کے نمائندے الطاف حسین، ایس مدھوسدھن، این رمیش، نارائن ریڈی، ڈاکٹرساجد علی، ڈاکٹر راج نارائن مدیراج اور ڈاکٹر کے گوپال ریڈی کے علاوہ دیگر موجودتھے۔



