خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر ایران کے ڈرون حملے، کویت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ
حیدراباد : ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ کویتی فوج کے مطابق حملے کے نتیجے میں ہوائی اڈے کی املاک کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واقعہ کے بعد کویت جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی۔ حکام کے مطابق کئی بین الاقوامی پروازوں کا رخ متبادل مقامات کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے ایران کے جزائر گیرک اور خیلم پر ہفتہ اور اتوار کو ہونے والے امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق کویت کے السالم فضائی اڈے اور بحرین کے عیسیٰ ایئر بیس سمیت متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی اقدامات کے باعث آبنائے ہرمز کی سلامتی متاثر ہوئی تو امریکہ کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
دوسری جانب ایران کے حملوں کے پیش نظر کویت اور بحرین کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ ادھر امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے خلیجی ممالک کی جانب داغے گئے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے راستے ایران جانے والے ایک جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔



