انسٹاگرام کے اشتہار سے متاثر ہوکر فیس کریم استعمال کرنے والی 17 سالہ لڑکی گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا

انسٹاگرام کے اشتہار سے متاثر ہوکر فیس کریم استعمال کرنے والی 17 سالہ لڑکی گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا، کریم میں مقررہ حد سے 12,500 گنا زیادہ پارہ پایا گیا
کیرالا، 22 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) کیرالا کے ضلع ملاپورم میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں چہرے کے دانوں اور داغ دھبوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے فیس کریم استعمال کرنے والی 17 سالہ لڑکی گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا ہوگئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کی جانب سے استعمال کی جانے والی فیس کریم میں انتہائی خطرناک مقدار میں پارہ (زیریلی کیمیائی مادہ ) پایا گیا، جس کے جسم میں جذب ہونے سے اس کے گردے متاثر ہوئے۔
پارہ ایک زہریلی دھات ہے جسے انگریزی میں Mercury کہتے ہیں۔ یہ عام درجۂ حرارت پر مائع حالت میں رہتی ہے اور چاندی جیسی چمک رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اریکوڈ کی رہنے والی لڑکی نے اگست 2025 میں انسٹاگرام پر ایک اشتہار دیکھا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مخصوص فیس کریم کے مسلسل استعمال سے چہرے کے دانے، سیاہ دھبے اور رنگت کی بے رونقی دور ہوجائے گی۔ اس اشتہار سے متاثر ہوکر لڑکی نے انسٹاگرام پر دیئے گئے واٹس ایپ نمبر کے ذریعہ کریم کا آرڈر دیا۔ ابتدائی طور پر اسے بہتر نتائج محسوس ہوئے، جس کے بعد اس نے تقریباً ایک سال تک یہ کریم استعمال کی اور کئی بوتلیں خریدیں۔
تاہم کچھ عرصہ بعد اس کی طبیعت بگڑنے لگی۔ اس کا بلڈ پریشر اچانک کم ہونے لگا، اسے بار بار چکر آنے اور بے ہوشی کی شکایت ہوئی جبکہ پیروں میں شدید سوجن پیدا ہوگئی۔ حالت یہاں تک پہنچ گئی کہ اسے چلنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں بھی دشواری ہونے لگی۔ ایک مرتبہ پیشاب کرنے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی، جس پر اسے فوری طور پر اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے شعبہ میں شریک کیا گیا۔
ملاپورم کے ایسٹر میمس مدر اسپتال میں ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے کے بعد لڑکی میں گردوں کی ایک سنگین بیماری میمبرینس نیفروپیتھی کی تشخیص کی۔ نیفرولوجی کی ماہر ڈاکٹر گوری ایس کے مطابق لڑکی کے خون اور جسم میں پارے کی خطرناک مقدار پائی گئی۔ شبہ ہونے پر اس کے استعمال کردہ فیس کریم کو جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا۔
لیبارٹری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ کریم میں پارے کی مقدار 12,500 پی پی ایم یعنی 1.25 فیصد تھی، جبکہ کاسمیٹک مصنوعات میں اس کی قابل اجازت حد ایک پی پی ایم سے بھی کم ہے۔ اس طرح کریم میں پارے کی مقدار مقررہ حد سے تقریباً 12,500 گنا زیادہ پائی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق پارہ جلد کے ذریعے جسم میں جذب ہوکر گردوں کے فلٹر کرنے والے حصوں کو نقصان پہنچاتا ہے، جس کے نتیجے میں پیشاب کے ذریعہ بڑی مقدار میں پروٹین خارج ہونے لگتا ہے اور گردوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر اس زہریلے مادے کے اثرات کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو گردے مستقل طور پر ناکارہ ہونے اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچنے کا خطرہ رہتا ہے۔ لڑکی کو جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے کے لیے خصوصی علاج اور دیگر طبی سہولتیں فراہم کی گئیں اور اب اس کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔
دوسری جانب اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد کیرالا پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور استعمال کی گئی کریم کے نمونے بھی جانچ کے لیے حاصل کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ کیرالا ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال نے بھی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کیا ہے اور محکمہ صحت، پولیس سربراہ، ڈرگس کنٹرولر اور دیگر متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی ہے۔ ریاستی حکومت نے بھی پارہ ملاوٹ والی فیس کریموں کی فروخت روکنے اور معاملے کی جانچ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
متاثرہ لڑکی اور اس کے خاندان نے کریم تیار کرنے اور فروخت کرنے والی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ لڑکی کا الزام ہے کہ صحت خراب ہونے کے بعد جب اس نے کمپنی سے رابطہ کیا تو ابتدا میں شکایت پر کارروائی کا یقین دلایا گیا، لیکن بعد میں کمپنی کی جانب سے جواب دینا بند کردیا گیا۔ قانونی کارروائی کی تیاری کے پیش نظر فی الحال کریم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر تشہیر کے ذریعہ فوری طور پر رنگت نکھارنے، دانے اور داغ دھبے ختم کرنے کے دعوے کرنے والی غیر مستند کریموں کے استعمال سے گریز کریں اور جلد کے مسائل کی صورت میں ماہر امراض جلد سے رجوع کریں۔



