رامپور میں سی آر پی ایف کیمپ حملے کے مبینہ ملزم محمد شریف کا گولی مار کر قتل
رامپور میں سی آر پی ایف کیمپ حملے کے مبینہ ملزم محمد شریف کا گولی مار کر قتل، پوسٹ مارٹم میں جسم سے 8 گولیاں برآمد، سوشل میڈیا پر ایک شخص نے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی
اترپردیش: رامپور میں 2007 کے سی آر پی ایف کیمپ حملے کے مبینہ ملزم محمد شریف کے قتل کے معاملے میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ دو ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم کیا، جس میں انکشاف ہوا کہ شریف کے جسم میں مجموعی طور پر 8 گولیاں لگی تھیں، جن میں 4 پیٹ اور 4 سر میں پیوست تھیں۔ پولیس نے تقریباً 23 گھنٹے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی۔
دوسری جانب راہول سنگھ نامی شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ 2007 میں سی آر پی ایف کیمپ حملے میں 7 جوانوں کی شہادت کا بدلہ لیتے ہوئے اس نے محمد شریف کو قتل کیا ہے۔ اس نے حملے میں ملوث دیگر افراد کو بھی دھمکی دی ہے۔ پولیس اس شخص کی شناخت اور دعوے کی حقیقت کی تحقیقات کررہی ہے۔
پولیس نے قتل کا معمہ حل کرنے کے لئے ایس او جی اور سرویلنس سمیت 6 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ جائے وقوعہ اور اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کئے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی انوراگ سنگھ کے مطابق، اب تک مقتول کے افراد خاندان کی جانب سے کوئی تحریری شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔
واقعہ کے بارے میں مقتول کے ورثاء کا الزام ہے کہ پولیس بار بار فون کرکے محمد شریف کو پولیس اسٹشن طلب کررہی تھی اور وہ اپنے 22 سالہ بیٹے کے ساتھ حاضری دینے پولیس اسٹیشن گئے تھے۔ واپسی کے دوران کھجوریا پولیس اسٹیشن سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر دو نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ اس وقت موٹر سائیکل ان کا بیٹا چلا رہا تھا، جو والد کو گولیاں لگتے دیکھ کر صدمے سے بے ہوش ہوگیا۔ تاہم پولیس نے ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ 2007 میں رامپور کے سی آر پی ایف کیمپ پر حملے میں 7 جوانوں اور ایک رکشہ ڈرائیور کی موت ہوئی تھی۔ اس مقدمے میں رامپور کی عدالت نے محمد شریف کو سزائے موت سنائی تھی، تاہم الہ آباد ہائی کورٹ نے آرمس ایکٹ کے مقدمے کو چھوڑ کر دہشت گردی کے الزامات سے انہیں بری کردیا تھا۔ وہ گزشتہ سال 10 نومبر کو جیل سے رہا ہوئے تھے۔



