دو پیان کارڈ رکھنے کا کیس — اعظم خان اور بیٹے کی 7 سال قید برقرار، عدالت نے اپیل مسترد کر دی

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ رامپور کی سیشن کورٹ نے دو پیان کارڈ کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کرتے ہوئے دونوں کی سزا برقرار رکھی ہے۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد باپ بیٹے کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑ سکتا ہے۔ یہ معاملہ 2019 میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ کی جانب سے درج ایف آئی آر سے جڑا ہے، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ عبداللہ اعظم نے مختلف تاریخِ پیدائش کے ساتھ دو پیان کارڈ بنوائے۔
اس سے قبل ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے 17 نومبر 2025 کو دونوں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 7-7 سال قید اور 50-50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ بعد ازاں 25 نومبر 2025 کو سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، جسے اب مسترد کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم اس وقت رامپور ضلع جیل میں قید ہیں اور نومبر 2025 سے مسلسل جیل میں ہیں۔



